بیلفاسٹ:ایک نئی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ چاکلیٹ کھانے سے ڈیمینشیا کے خطرات میں کمی لائی جاسکتی ہے۔ 1لاکھ 22ہزار برطانوی افراد پر کی جانے والی اس تحقیق میں معلوم ہوا کہ وہ افراد جو زیادہ مقدار میں فلیونائیڈ کھاتے تھے ان میں کم فلیونائیڈ کھانے والوں کے مقابلے میں ڈیمینشیا کے خطرات 28 فیصد کم تھے۔
صحت کے لیے مفید کیمیاء انگور اور کوکوا بینز میں پائے گئے جبکہ لوگ یہ کیمیاء عموماً بیریز، پتوں والی سبزیوں اور دیگر پھلوں سے بھی حاصل کرتے ہیں۔ بیلفاسٹ میں قائم کوئنز یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والی تحقیق کی مصنفہ ڈاکٹر ایمی جیننگز کا کہنا تھا کہ تحقیق کے نتائج عوامی صحت کے لیے واضح پیغام فراہم کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تحقیق کے نتائج بتاتے ہیں کہ فلیونائیڈ سے بھرپور غذاؤں کی روزانہ کھپت میں اضافہ ڈیمینشیا کے خطرات میں کمی لا سکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ فی الوقت اس بیماری کا کوئی مؤثر علاج نہیں ہے اس لیے اس سے بچنے کے لیے حفاظتی اقدامات کو فوقیت دی جانی چاہیے۔










