پی ڈی ڈی بجلی کی ڈیمانڈ سائیڈ مینجمنٹ کو مستحکم کرے گا:چیف سیکرٹری

پی ڈی ڈی بجلی کی ڈیمانڈ سائیڈ مینجمنٹ کو مستحکم کرے گا:چیف سیکرٹری

جموں//چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ( پی ڈی ڈی ) کے کام کاج اور جموں وکشمیر میں بجلی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ، منیجنگ ڈائریکٹران جموں / کشمیر پاور ڈسٹر بیوشن کارپوریشن لمٹیڈ ، چیف اِنجینئر ان اور محکمہ کے دیگر سینئر اَفسران نے شر کت کی۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ محکمہ نے جموںوکشمیر میں ٹرانسفارمر کے نقصان کی شرح کو بالترتیب 23فیصد اور 29فیصد تک لایا ہے۔ اِن کوششوں میں تمام ٹرانسفارمروں کو منفرد شناختی نمبروں کے ساتھ ٹیگ کرنا شامل ہے تاکہ ان کی مرمت کی تاریخ کو ٹریک کیا جاسکے اور 4,100 ایم وِی اے شامل کرکے تقسیم کی صلاحیت کو بڑھایا جاسکے۔چیف سیکرٹری نے نقصان کی بڑھتی شرح پر اَپنی تشویش کا اِظہار کیااور انہیں قومی سطح پر قبول شدہ سطح پر لانے کے لئے وقتی کوششوں کی ہدایت دی۔ ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے ائیریل بنڈل کیبلز ( اے بی سی ) کے استعمال کے ساتھ سمارٹ میٹروں کی تنصیب سے اے ٹی اینڈ سی کے نقصانات کو 10فیصد سے کم کرنے پر زور دیا۔بجلی چوری اور لیکیج کومزید روکنے کے لئے محکمہ سے کہا گیا کہ وہ ایک ماہ کے اندر تمام فیڈروں اور ٹرانسفارمروں پر صد فیصد میٹر کی تنصیب کو یقینی بنائے ۔چیف سیکرٹری نے محکمہ کو ہدایت دی کہ وہ ٹرانسفارمر اور مقام کی بنیاد پر نقصانات کا تخمینہ لگانے کے ساتھ ساتھ ان مرمتی ورکشاپوں کی نشاندہی کریں جو ٹرانسفارمروں میں بار بار ہونے والے نقصانات اور خرابی کا باعث بنتی ہیں ۔ محکمہ سے کہا گیا ہے کہ وہ اِس معاملے میں قصورواروں کے خلاف تادیبی کارروائی کرے اور سات دِن کے اَندر رِپورٹ پیش کرے۔محکمہ کو مزید ہدایت دی گئی کہ وہ اَپنے پورے بنیادی ڈھانچے بشمول فیڈروں ، ٹرانسفارمروں ، ترانسمیشن لائنز، میٹروں ، فیوز وغیرہ کی صحت کو کیٹلاگ کرے اور اے ٹی اینڈ سی نقصانات کو کم کرنے اور چوبیس گھنٹے قابل اعتماد بجلی کی فراہمی کے لئے منصوبہ بند جدید کاری اور اَپ گریڈیشن پر کام کرے ۔چیف سیکرٹری نے تشویش کے ساتھ نوٹ کیا کہ کچھ فیڈراَب بھی 80سے 90فیصد اے ٹی اینڈ سی نقصانات درج کر رہے ہیں جو کہ ناقابل قبول ہے اور ایسے معاملات میں ملی بھگت کے عنصر کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ۔ اُنہوں نے محکمہ سے مزید کہا کہ باقاعدہ معائینہ ، منقطع اور کنکشن ریگولرائزیشن کے ذریعے سخت نفاذ اور بجلی چوری کے خلاف کریک ڈائون یقینی بنائے۔مزید برآں ، چیف سیکرٹری نے محکمہ سے کہا کہ وہ بی پی ایل اور ایس اِی سی سی 2011ء کے مستفیدین کے لئے ایک ایمنسٹی سکیم لانے پر غور کرے تاکہ بقایا واجبات کی آسانی سے ادائیگی سے ان کے حق میں بجی کے کنکشن کو ریگو لرائز کر نے میں مدد کی جاسکے۔