پی ڈی پی لیڈران سے سرکار ی رہائشگاہیں خالی کرانے میں زبردستی

سرینگر// پی ڈی پی لیڈران کو سرکار ی رہائشگاہوں سے زبردستی نکالنے کے عمل پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی صدر محبوبہ مفتی نے جموں کشمیر کے لیفٹنٹ گورنر کے نام ایک مکتوب ارسال کیا کرکے اس معاملے میں فوری مداخلت کی اپیل کی ہے ۔ سی این آئی کے مطابق پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا کے نام ایک خط لکھا ہے جس میں انہوں نے پی ڈی پی لیڈران کو نشانہ بنانے اور انہیں سرکاری رہائشگاہ خالی کرانے کے معاملے پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ لیفٹنٹ گورنر کے نام تحریر کئے گئے مکتوب میں محبوبہ مفتی نے لکھا ’’ اس معاملے سے مجھے کافی تشویش ہے کہ اس وقت جب عسکریت پسندی کا ایک مرتبہ پھر رجحان بڑھنے لگا ہے کچھ پی ڈی پی لیڈران اور سابق ممبران اسمبلی کو نشانہ بنا کر انہیں سرکاری رہاہشگاہ خالی کرانے کو کہا جا رہا ہے ، محبوبہ مفتی نے مزید لکھا ہے کہ مزید تشویش کی بات یہ ہے کہ وہ گائوں میں رہتے ہیں اور بار بار ہم نے مطالبہ کیا تھا کہ انہیں معقول سیکورٹی فراہم کی جائے تاہم اس کی طرف بھی کوئی توجہ نہیںدی گئی ‘‘۔ خط مییں محبوبہ مفتی نے مزید لکھا ہے کہ یہ کوئی چھپی بات نہیں ہے کہ کس طرح سے عوامی نمائندوں کو نشانہ بنایا گیا اور کچھ ایک سیکورٹی نہ ہونے کے نتیجے میں جاں بحق ہو گئے ۔ محبوبہ مفتی نے مزید لکھا ہے کہ ’’ میں آپ کی نوٹس میں یہ بات لانا چاہتی ہوں کہ سابق ممبر اسمبلی ظہور احمد میر خود عسکریت کے شکار ہو چکے ہیں اور ان کے والدہ کو عسکریت پسندوں نے ہلاک کر دیا ہے ‘‘۔ ’’ ایسے حالات میں مجھے حیرانی ہوتی ہے کہ کچھ سیاسی لیڈران کو تمام تر سیکورٹی اور سہولیات بہم رکھی گئی ہے لیکن پی ڈی پی ممبران کے ساتھ سو تیلی ماں کا سلوک کیا جا رہا ہے ، اور میں یہ صاف کہنا چاہتی ہوں کہ اگر کسی بھی پی ڈی پی لیڈر کے ساتھ کچھ ہوتا ہے تو اس کیلئے میں ذمہ دار ی انتظامیہ کو ٹھہرائو گئیں ‘‘۔ محبوبہ مفتی نے خط میں لکھا ہے کہ مجھے امید ہے کہ آپ اس معاملے میں فوری مداخلت عمل میں لاکر ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت فراہم کریں گے ۔