سری نگر// پی ایچ ڈِی چیمبر آف کامرس اینڈ اِنڈسٹری (پی ایچ ڈِی سی سی آئی) کشمیر کے ایک وفد نے چیئرمین اے پی ویکی شا کی قیادت میںسول سیکرٹریٹ میں وزیر برائے زراعت، دیہی ترقی و پنچایتی راج، اِمدادِ باہمی اور الیکشن جاوید احمد ڈار سے ملاقات کی۔ ملاقات میں جموں و کشمیر میں زراعت، باغبانی اور اس سے منسلک شعبوں کی ترقی سے متعلق اہم مسائل اور تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد میں چیئرمین جاوید انیم، ایگزیکٹیو کمیٹی کے اراکین بلال کاووسہ، فیاض احمد اور ناصر راتھر شامل تھے۔وفد نے وزیر موصوف کا زراعت، باغبانی اور اس سے منسلک شعبوںمیں مسلسل تعاون پر شکریہ اَدا کیا۔پی ایچ ڈِی سی سی آئی اراکین نے وزیرموصوف کو ایک میمورنڈم پیش کیا جس میں کئی اہم مطالبات اور مسائل شامل تھے جن میں لسی پورہ میں کولڈ سٹوریج سہولیت کا قیام، کشمیر میں زراعت، باغبانی اور اس سے منسلک شعبوں کی نمائش کا اِنعقاداور غیر مجاز درآمدات کی روکتھام کے لئے سخت قوانین کا نفاذ شامل تھا تاکہ باغبانی کے شعبے کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔وزیر جاوید ڈار نے وفدکو بغور سنا اور یقین دِلایا کہ اُن کے تمام منصوبوں، مسائل اور مطالبات پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا۔










