پیٹیشنز کے ذریعے اُٹھائے گئے عوامی مسائل پر تبادلہ خیال
سری نگر// جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی پیٹشنز کمیٹی میٹنگ آج اسمبلی کمپلیکس سری نگر میں منعقد ہوئی جس میںلوگوں کی جانب سے موصولہ مختلف درخواستوں پر غور و خوض کیا گیا۔میٹنگ کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین پیرزادہ فاروق احمد شاہ نے کی۔اس میٹنگ میں ممبران مشتاق گورو، سلمان ساگر اور میاں مہر علی نے شرکت کی۔کمیٹی نے شہریوں کی طرف سے جمع کی گئی متعدد درخواستوں کا جائزہ لیا۔ اراکین نے اس بات پر زور دیا کہ ہر درخواست کو سنجیدگی سے لیا جائے گا اور اس پر مکمل غور و خوض کیا جائے گا تاکہ مسائل کا مناسب حل یقینی بنایا جا سکے۔میٹنگ میں شہریوں کی جانب سے اُٹھائے گئے مسائل کے قابل عمل اور وقت مقررہ کے اندر حل تلاش کرنے پر بات ہوئی۔ چیئرمین نے کہا کہ کمیٹی کی ذِمہ داری ہے کہ وہ ہر درخواست کا باریک بینی سے جائزہ لے اور حقیقی مسائل کو فوری اور مؤثر طریقے سے حل کرے۔کمیٹی کے اراکین نے میٹنگ میں شرکت کی اور تعمیری تجاویز و آرا ٔپیش کیں۔