ہائبرڈ کاروں کے لیے کم ٹیکس کا مطالبہ/وزیر ٹرانسپورٹ
سرینگر// ہندوستان کو سبز معیشت بنانے کے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے مرکزی وزیر نتن گڈکری ہائبرڈ گاڑیوں پر جی ایس ٹی میں کمی کرنا چاہتے ہیں اور انہوں نے ملک کو 36 کروڑ سے زیادہ پٹرول اور ڈیزل گاڑیوں سے مکمل طور پر نجات دلانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔مرکزی وزیر برائے روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز نے کہاکہ پیٹرول اور ڈیزل کی گاڑیوں سے چھٹکارا پانا سوفیصد ممکن ہے ۔انہوں نے کہاکہ یہ مشکل ہے لیکن ناممکن نہیں۔ یہ میرا وڑن ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان ایندھن کی درآمد پر 16 لاکھ کروڑ روپے خرچ کرتا ہے۔ وزیر نے کہا کہ یہ رقم کسانوں کی زندگی کو بہتر بنانے کے لیے استعمال کی جائے گی، گاؤں خوشحال ہوں گے اور نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔گڈکری نے اس مہتواکانکشی ہدف کو پورا کرنے کے لیے کوئی ٹائم لائن نہیں دی جس کے بارے میں گرین انرجی کے حامیوں کا بھی ماننا ہے کہ یہ بہت مشکل ہے۔گڈکری نے کہا کہ ہائبرڈ گاڑیوں پر جی ایس ٹی کو گھٹا کر پانچ فیصد اور فلیکس انجنوں پر 12 فیصد کرنے کی تجویز وزارت خزانہ کو بھیجی گئی ہے جو اس درخواست پر غور کر رہی ہے۔وزیر نے کہا کہ وہ پختہ یقین رکھتے ہیں کہ ملک بائیو فیول کے استعمال کو فروغ دے کر ایندھن کی درآمد کو ختم کر سکتا ہے۔ماحولیاتی کارکنوں نے سبز نقل و حرکت کو بڑھانے کے لئے گڈکری کے وڑن کا خیرمقدم کیا۔گڈکری نے کہا کہ وہ 2004 سے متبادل ایندھن کی تلاش کر رہے ہیں اور انہیں یقین ہے کہ آنے والے پانچ سے سات سالوں میں چیزیں بدل جائیں گی۔میں آپ کو اس تبدیلی کی تاریخ اور سال نہیں بتا سکتا کیونکہ یہ بہت مشکل ہے۔ یہ مشکل ہے لیکن ناممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ پختہ یقین رکھتے ہیں کہ جس رفتار کے ساتھ الیکٹرک گاڑیاں متعارف کروائی جا رہی ہیں، آنے والا دور متبادل اور بائیو فیول کا ہو گا اور یہ خواب پورا ہو گا۔گڈکری نے کہا کہ بجاج، ٹی وی ایس اور ہیرو جیسی آٹو کمپنیاں بھی فلیکس انجن کا استعمال کرتے ہوئے موٹر سائیکلیں بنانے کا منصوبہ بنا رہی ہیں اور اسی طرح کی ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے آٹو رکشا بھی راستے میں ہیں۔










