غریب عوام کیلئے دو وقت کی روٹی کا بندوبست کر پانا بھی مشکل ہوتا جارہا ہے: ڈاکٹر کمال
سری نگر//رسوئی گیس ،پیٹرولیم مصنوعیات اور دیگر اشیائے خوردونوش کی قیمتوںمیں یکایک اضافے پر زبردست تشویش کا اظہار کرتے جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ یہ بات اب عیاں ہوگئی ہے بھاجپا نے 5ریاست میں الیکشن ایام کے دوران پیٹرول ، ڈیزل اور رسوئی گیس کی قیمتوں کو اعتدال پر رکھا تھا اور الیکشن نتائج آنے کے ساتھ ہی اب ان ضروریاتِ زندگی میں مسلسل اضافہ کیا جارہاہے۔ ان باتوں کا اظہار انہوں نے آج پارٹی ہیڈکوارٹر پر ایک اجلاس کے دوران کیا۔ اجلاس میں ترجمانِ اعلیٰ تنویر صادق، صوبائی سکریٹری ایڈوکیٹ شوکت احمد میر، صوبائی یوتھ صدر سلمان علی ساگر، نائب صدر صوبہ سید توقیر احمد، احسان پردیسی، اقلیتی سیل کے آرگنائزر جگدیش سنگھ آزاد، جوائٹ صوبائی سکریٹری غلام نبی بٹ اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔اجلاس میں اشیائے خورد ونوش میں ہوشربا اضافے اور پیٹرولیم مصنوعات کی آسمان چھوتی قیمتیں کے علاوہ لوگوں کے مسائل و مشکلات پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔ ڈاکٹر کمال نے اس موقعے پر کہاکہ پیٹرول ،ڈیزل اور رسوئی گیس کی مسلسل بڑھتی قیمتوں سے متعلق مرکزی حکومت کا ہمیشہ یہی موقف تھا کہ حکومت کا قیمتیں بڑھانے میں کوئی رول نہیں اور یہ سب کچھ تیل کمپنیوں کے ہاتھ میں ہے، لیکن 5ریاست میں اسمبلی الیکشن عمل کے ساڑھے4ماہ کے دوران جس طرح سے پیٹرول، ڈیزل اور رسوئی گیس کی قیمتوں میں کسی بھی قسم کا اضافہ نہیں کیا گیااُس سے صاف ہوگیا ہے کہ قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے میں حکومت کا کتنا رول ہے۔ کمال نے کہا کہ پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے کا براہ راست اثر عام آدمی پر پڑ رہا ہے اور لوگوں کیلئے دو وقت کی روٹی کا بندوبست کر پانا بھی مشکل سے مشکل ہوتا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر کی صورتحال جہاں ہر طرح سے دگرگوں ہے وہیں ملک میں سب سے زیادہ مہنگائی کی مار بھی جموں و کشمیر کے لوگ ہی بھگت رہے ہیں۔ انتظامیہ کی طرف سے قیمتوں کو اعتدال میں رکھنے کیلئے کوئی بھی اقدام نہیں اُٹھایا نہیں جارہا ہے اور لوگ انتظامی بے حسی کا خمیازہ بھگت رہے ہیں۔ ڈاکٹر کمال نے کہاکہ مرکزی حکومت کے بڑے بڑے وزراء پارلیمنٹ اور بڑی بڑی تقریبوں میں جموں و کشمیر سے متعلق امن و امان اور تعمیر و ترقی کے بلند بانگ دعوے کررہے ہیں لیکن زمینی سطح پر یہ تمام دعوے جھوٹ اور فریب ثابت ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جموں وکشمیر سے متعلق جھوٹ اور فریب سے دنیا اور ملک کے عوام کو کب تک گمراہ کرتی رہے گی۔ ڈاکٹر کمال نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ مرکزی حکومت نے جموںوکشمیر کی خصوصی پوزیشن چھین کر اس تاریخی ریاست کو اندھیروں میں دھکیل دیاہے۔ تعمیر و ترقی کہیں نہیں، امن و امان کے ماحول کو مکمل طور پر بگاڑ دیا گیا ہے، آئے روزگار گولیاں چلتی ہیں ، بم پھٹتے ہیں اور قیمتی جانوں کا اتلاف ہوتا ہے۔ جموں وکشمیر میں اس وقت لافتہ شاہی کا نظام ہے ، عوام کاکوئی پُرسان حال نہیں، کورپشن عروج پر ہے اور آئے روز عوام کُش اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں۔ڈاکٹر کمال نے پارٹی کے ترجمانِ اعلیٰ تنویر صادق کو مبارکباد پیش کی اور انہیں پھولوں کے ہار پہنچائے اور حوصلہ افزائی بھی کی۔










