پیٹرولیم مصنوعات اوررسوئی گیس کی قیمتوںمیں اضافہ

سری نگر //پردیش کانگریس کی یوتھ ونگ کے کارکنوںنے پیٹرولیم مصنوعات اوررسوئی گیس کی قیمتوںمیں اضافے کیخلاف سنیچر کے روز سری نگرمیں پُرامن احتجاج کیا ۔احتجاجیوں نے کہا کہ2014 میں مودی سرکار نے100 دنوں میں مہنگائی کو دُور کرنے کا وعدہ کیا تھا، لیکن اس سرکار کے سارے وعدے غلط ثابت ہوگئے ہیں۔کشمیر نیوز سروس کے مطابق کانگریس کی جموں وکشمیرشاخ کی یوتھ ونگ کے کارکنو ں کاایک گروپ سنیچر کے روزپریس کالونی سری نگر کے احاطے میں نمودار ہوا۔انہوں نے یہاں ایندھن کی مہنگائی کے خلاف احتجاج درج کیا۔ احتجاجی کارکن ’بہت ہوئی مہنگائی کی مار، ہائے ہائے مودی سرکار‘ جیسے نعرے لگا رہے تھے۔ اس موقع پریوتھ کانگریس کے ترجمان عابد ماگامی نے کہا کہ 2014 میں مودی سرکار نے100 دنوں میں مہنگائی کو دور کرنے کا وعدہ کیا تھا، لیکن ان کی سرکار کے سارے وعدے غلط ثابت ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں مہنگائی نے لوگوں کو پریشان کرکے رکھ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مودی سرکار کا ایک وعدہ بھی صحیح ثابت نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ سال 2014 میں رسوئی گیس فی سلنڈر350 سو روپے میں ملتاتھا اور آج اس کی قیمت1000روپے کے قریب پہنچ گئی ہے، پٹرول فی لیٹر65 روپے میں ملتا تھا اور آج 100روپے فی لیٹر سے پار کر گیا ہے۔پردیش کانگریس کی یوتھ ونگ کے کارکنوں کا مطالبہ تھا کہ پٹرول اور ڈیزل کو بھی جی ایس ٹی کے تحت لایا جانا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت نے لاک ڈاؤن کے دوران بھی لوگوں پر کوئی رحم نہیں کیا۔