دونوں ملک مسائل پرامن بات چیت سے حل کریں م کسی بھی یکطرفہ قدم سے گریز کیا جانا چاہیے/ گوتیریس
سرینگر // پہلگام واقعے کے بعد پاکستان اور بھارت کی بڑھتی کشیدگی کے بیچ اقوام متحدہ نے دونوں ممالک کو تحمل سے کام لینے کی تلقین کی ہے۔سی این آئی مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق نیویارک میں ایک بریفنگ کے دوران اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے بتایا کہ سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیریس صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں، تاہم تاحال ان کا اسلام آباد یا نئی دہلی سے براہِ راست کوئی رابطہ نہیں ہوا۔انہوں نے دونوں ملکوں کو متنبہ کیا کہ موجودہ کشیدہ فضا میں کسی بھی قسم کی غیر ذمے دارانہ کارروائی خطے کے امن کو مزید نقصان پہنچا سکتی ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کا مؤقف واضح ہے کہ پاکستان اور بھارت کو تمام مسائل پرامن بات چیت سے حل کرنے چاہئے اور کسی بھی یکطرفہ قدم سے گریز کیا جانا چاہیے۔خیال رہے کہ پہلگام میں سیاحوں کے گروپ پر ہوئے حملے کے بعد ہند پا ک کے مابین کشیدگی بڑھ گئی ہے جس دوران دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے خلاف سخت اقدامات کا اعلان کیا ہے ۔










