پہلگام میں ’ڈرگس آؤٹ،سپورٹس ان‘ کا چار روزہ سرمائی کیمپ اختتام پذیر


سری نگر، 30 جنوری (یو این آئی) جموں وکشمیر اکیڈیمی آف یونیفائڈ مارشل آرٹس( جے کے اے یو ایم اے) کی طرف سے مشہورسیاحتی مقام پہلگام میں منعقدہ چار روزہ سرمائی کیمپ ہفتے کے روز اختتام پذیر ہوا۔
اس کیمپ، جس کو محکمہ سیاحت، اے ایس سیمنٹس، ڈرگ پلس اور سٹار ہومز کا اشتراک حاصل تھا، میں وادی کشمیر کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے زائد از 160 طلبا نے شرکت کی۔
بتادیں کہ جے کے اے یو ایم اے ‘ڈرگس آوٹ، سپورٹس ان’ پروگرام کے تحت وادی کشمیر کے مختلف اسکولوں اور کالجوں میں منشیات کے منفی اثرات کے موضوع پر سمیناروں اور مباحثوں کا اہتمام کررہی ہے۔
کیمپ کے ایک منتظم تنزیل احمد نے بتایا کہ کیمپ کے دوران طلبا کو مارشل آرٹس کے مختلف ہنر سکھائے گئے اور لڑکوں کو مختلف کھیلوں کے علاوہ فائر کیمپ، سنو فائٹنگ اور کوہ پیمائی بھی سکھائی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ کیمپ کے دوران طلبا کو منشیات کے مضر اثرات کے بارے میں بھی تفصیلی جانکاری فراہم کی گئی ہے اور سماج کو اس بدعت سے پاک کرنے کے لئے تدابیر بھی بتائی گئیں۔
موصوف منتظم نے بتایا کہ ایسے کیمپس کے انعقاد کا مقصد نوجوانوں کی صلاحیتیوں کو نکھارنے کے علاوہ انہیں کیمپنگ کے تجربوں سے بہرہ ور کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کیمپ کے دوران ٹونگ ال مو دو چمپئن شب بھی منعقد ہوئی جو اس کیمپ کی خاص بات تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ سماج کو منشیات کی وبا سے پاک کرنے کے لئے ہم نے ’ڈرگس آؤٹ، سپورٹس ان‘ کے نعرے کے تحت ایک مہم شروع کی ہے جو اپنے مشن پر گامزن ہے