خلاف ورزی پر 2 ہزار روپے جرمانہ، رجسٹریشن منسوخی کی وارننگ
سرینگر// یو این ایس// پہلگام ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے ماحولیاتی تحفظ کے پیش نظر پہلگام ہل اسٹیشن کے سیاحتی مقامات، دریا کناروں، جنگلات، بازاروں اور رہائشی علاقوں میں پولی تھین اور دیگر پلاسٹک اشیاء کے استعمال اور لے جانے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔یو این ایس کے مطابق چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ڈی اے، میر نصرالہلال کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق دریاؤں، جنگلاتی علاقوں، پارکوں اور بازاروں میں پلاسٹک بیگز، چپس پیکٹس، پانی کی بوتلیں، پلاسٹک برتن اور کین ڈرنک کنٹینرز پھینکنے کے بڑھتے ہوئے رجحان کے باعث یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ غیر تحلیل پذیر کچرا ماحولیات کے لیے سنگین خطرہ ہے اور انسانی و حیوانی زندگی کو متاثر کرتا ہے۔ پہلگام کی نازک ماحولیاتی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اور ماحول دوست سیاحت کو فروغ دینے کے لیے تمام متعلقہ علاقوں کو فوری طور پر پولی تھین فری زون قرار دیا گیا ہے۔اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ حکم عدولی کی صورت میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ مسلسل خلاف ورزی پر جموں و کشمیر محکمہ سیاحت کی جانب سے جاری رجسٹریشن سرٹیفکیٹ منسوخ کیا جا سکتا ہے۔ مزید برآں، ممنوعہ پلاسٹک اشیاء پھینکنے یا استعمال کرنے والے افراد پر 2 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔یہ ہدایت نامہ سینئر سیاحتی حکام، ڈپٹی کمشنر اننت ناگ، سب ڈویڑنل مجسٹریٹ پہلگام اور دیگر متعلقہ محکموں بشمول بلدیاتی ادارے، محکمہ جنگلات اور وائلڈ لائف کے افسران کو ضروری کارروائی کے لیے ارسال کیا گیا ہے۔ حکم فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔










