جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے سیاحتی مقام پہلگام میں سیاحوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے اور ہر روز ہزاروں کی تعداد میں ملکی اور غیر ملکی سیاح سیرو تفریح کے لئے وارد پہلگام ہو رہے ہیں۔ گزشتہ کئی برسوں کے مقابلے میں رواں سال ریکارڈ تعداد میں سیاح پہلگام کی سیر پر آرہے ہیں۔اعدادوشمارکے مطابق، رواں برس پہلی جنوری سے دسمبر تک تقریباً 16 لاکھ سے زائد سیاح سیرو تفریح کے لئے پہلگام پہنچے۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) پہلگام ڈیولپمنٹ اتھارٹی (پی ڈی اے) طاریق احمد نایک کے مطابق، رواں برس اپ تک 16 لاکھ سے زائد سیاح پہلگام کی سیر کے لئے آئے جبکہ 2022 میں پورے سال میں 10 لاکھ 25 ہزار سیاح وارد پہلگام ہوئے تھے. ۔طاریق احمد نایک نے کہا،”اس سال کافی تعداد میں سیاح پہلگام کی سیر پر آرہے ہیں اور رواں برس اب تک کے اعداد وشمار کے مطابق تقریباً 16 لاکھ سے زائد سیاحوں نے پہلگام کی سیر کی، جن میں غیر ملکی سیاحوں کی خاصی تعداد شامل ہے۔ گزشتہ کچھ ہفتوں سے تقریباً چالیس سے پچاس غیرملکی سیاح روزانہ پہنچ رہے ہیں۔ بیرونی ممالک سے آنے والے زیادہ ترسیاحوں کی تعداد بنگلہ دیش، سنگاپور، اسرائیل ، انگلینڈ، جرمنی اور ملیشیا سے ہے جبکہ ملک کی دیگر ریاستوں سے آنے والے زیادہ تر سیاحوں کا تعلق ریاست مہاراشٹر، گجرات، چینائی، کوککتہ ، بنگلورو اور بنگال سے ہے”۔ طاریق احمد نایک کا کہنا ہے کہ اس سال زیادہ ترسیاحوں نے گلمرگ کی سیرکی جبکہ پہلگام، سونہ مرگ اور سری نگر کے علاوہ دودھ پتھری میں بھی سیاحوں کی کافی تعداد دیکھی گئی۔ انہوں نے کہا کہ سیاحوں کے قیام کے لئے محکمہ سیاحت اور اس صنعت سے منسلک افراد نے بھاری پیمانے پر قبل از وقت تیاریاں مکمل کرلی تھیں، جس کے طفیل سیاح پہلگام میں اپنے قیام کے دوران آرام دہ محسوس کررہے ہیں۔ طاریق احمد نے کہا کہ سیاحوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافے سے ہوٹل صنعت سے وابستہ افراد کافی مطمئن ہیں۔ انہوں نے کہا،”ہمارے پاس پہلگام میں روزانہ دس ہزار سیاحوں کے لئے قیام کرنے کی سہولت دستیاب ہے اور ان دنوں ہوٹلوں و دیگر قیام گاہوں میں 80 سے 90 فیصد بکنگ ہے۔ ہماری یہ کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں سیاح پہلگام کا ر خ کریں تاکہ وہ یہاں کے قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہوجائیں اور پہلگام میں قیام کے دوران انہیں کسی طرح کی دشواری کا نہ کرنا پڑے۔










