پہلوانوں کو ملا ہریانہ کانگریس کا ساتھ،کل جنتر منتر پہنچیں گے پارٹی کے تمام ارکان اسمبلی

ہریانہ کانگریس کے تمام ارکان اسمبلی نے ریسلنگ ایسوسی ایشن کے صدر برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف انصاف کے لیے دہلی کے جنتر منتر پر بیٹھے پہلوانوں کی حمایت میں بڑا فیصلہ لیا ہے۔ ہریانہ کے تمام کانگریس ارکان اسمبلی پہلوانوں کی حمایت کے لیے 13 مئی کو جنتر منتر جائیں گے۔ چنڈی گڑھ میں کانگریس قانون ساز پارٹی کی میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ اس سے پہلے عام آدمی پارٹی اور جن نائک جنتا پارٹی کو چھوڑ کر تقریباً ایک درجن لیڈر کانگریس میں شامل ہو گئے۔ اس میں سابق ارکان اسمبلی بھی شامل تھے۔ کانگریس میں شامل ہونے والوں میں پٹودی کے سابق رکن اسمبلی رام بیر سنگھ بھی تھے جو عام آدمی پارٹی چھوڑ کر کانگریس میں شامل ہوئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی عآپ کے گڑگاؤں کسان سیل کے صدر وجے پال یادو، دھانک سماج اتھان سنگھ کے صدر کرشنا دگل اور عآپ کرنال کے جنرل سکریٹری گرویندر کور، سشما مکڑ، ممتا ملک، کھنور سنگھ، اندرجیت سنگھ، وکاس کپور شامل تھے۔ جبکہ سرجو مل نے بھی جے جے پی چھوڑ کر کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔ کانگریس ایس سی سیل کے ریاستی صدر سشیل اندورا نے بھی اپنا عہدہ سنبھال لیا۔ ہریانہ کانگریس نے قانون ساز پارٹی اجلاس میں ‘ہاتھ سے ہاتھ جوڑو’ مہم کو زبردست حمایت کے پیش نظر اسے مزید تین ماہ تک چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اب یہ پروگرام مئی، جون اور جولائی میں بھی چلے گا۔ سابق وزیر اعلیٰ اور اپوزیشن لیڈر بھوپندر سنگھ ہڈا نے اجلاس کی صدارت کی اور اس موقع پر ریاستی صدر چودھری ادے بھان اور راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ دپیندر ہڈا بھی موجود رہے۔ اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ 13 مئی کو ہریانہ کانگریس کے تمام ارکان اسمبلی جنتر منتر جا کر پہلوانوں کی حمایت کریں گے۔ میٹنگ کے بعد بھوپیندر سنگھ ہڈا نے کہا کہ کانگریس مسلسل مختلف پروگراموں کے ذریعے عوام تک پہنچ رہی ہے۔ جبکہ حکومت کو عوامی مکالمہ اسی وقت یاد آیا جب انتخابات قریب آئے۔ اپوزیشن لیڈر نے محکمہ ایکسائز سے متعلق سی اے جی رپورٹ میں کئے گئے انکشافات کا بھی حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس شراب کی پیداوار، فروخت اور آمدنی کا کوئی ریکارڈ نہیں ہے۔ سب سے سنگین بات یہ ہے کہ ہریانہ میں فروخت ہونے والی شراب کی جانچ بھی نہیں کی جا رہی ہے کہ یہ پینے کے قابل ہے یا نہیں۔ بار بار بے ضابطگیاں منظر عام پر آنے کے باوجود اب تک محکمہ ایکسائز نے کیو آر کوڈ سے لے کر سی سی ٹی وی مانیٹرنگ تک کے انتظامات نہیں کیے ہیں۔ حکومت کی طرف سے مقرر کردہ ایکسائز آمدنی کے ہدف کے مقابلے میں بہت کم آمدنی حاصل ہوتی ہے۔ سی اے جی نے محکمہ ایکسائز میں بڑی بے قاعدگیوں کا انکشاف کیا ہے۔
شفافیت کا دعویٰ کرنے والی حکومت ہر محاذ پر ناکام ثابت ہو رہی ہے۔ پورٹل کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں ہڈا نے کہا کہ کانگریس حکومت کے دوران ڈیجیٹلائزیشن شروع ہوئی تھی لیکن اس کا مقصد عوام کو سہولت فراہم کرنا تھا۔ جبکہ بی جے پی نے عوام کو پریشان کرنے کے لیے ‘میری فصل، میرا بیورہ’، پراپرٹی آئی ڈی اور فیملی آئی ڈی جیسے انتظامات کیے ہیں۔ اس کے ذریعے بزرگوں کی پنشن، راشن اور غریبوں کی فلاحی اسکیموں کو روکا جا رہا ہے۔ اس لیے کانگریس کی حکومت بننے کے بعد ایسے تمام پورٹل بند کر دیئے جائیں گے، جو عوامی مفاد میں نہیں ہیں اور عوام کو سہولت فراہم کرنے کے لیے ڈیجیٹلائزیشن کا استعمال کیا جائے گا۔