پولیس نے کی گاڑی ضبط، ڈرائیور گرفتار
سرینگر/ // شمالی کشمیر کے قصبہ پٹن میں پولیس نے بدھ کے روز ایک بلائنڈ ہٹ اینڈ رن کیس کو حل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ اس کیس میں ملوث گاڑی کو بڈگام سے ضبط کیا گیا، جبکہ ڈرائیور کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ایس ڈی پی او پٹن شاہی جان احمد نے ایس ایچ او پٹن کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس کے دوران تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ یہ حادثہ 15 نومبر 2024 کو پیش آیا تھا، جب بارہمولہ سے سرینگر کی طرف جانے والی ایک نامعلوم گاڑی نے پالہالن میں پارسا ریسٹورنٹ کے قریب ایک راہگیر کو ٹکر مار دی۔ متاثرہ شخص کی شناخت نذیر احمد صوفی ولد مرحوم عبدالاحد صوفی ساکن صدر بل پالہالن کے طور پر ہوئی تھی، جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں جاں بحق ہوگئے۔پولیس نے اطلاع ملتے ہی ایف آئی آر نمبر 314/2024 درج کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقات شروع کیں۔ شاہی جان احمد نے بتایا کہ باریک بینی سے کی گئی تحقیقات اور تکنیکی مدد کے ذریعے پولیس نے 26 نومبر 2024 کو اس واقعے میں ملوث گاڑی کو ٹریس کیا، جس کا رجسٹریشن نمبر JK04J 0917 تھا۔ گاڑی کو ضبط کرنے کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ اس پر ہٹ کے نشانات موجود تھے اور اسے نیا سفید پینٹ کیا گیا تھا تاکہ شواہد چھپائے جا سکیں۔گاڑی کے ڈرائیور کی شناخت قیصر احمد پرے ولد عبدالرشید پرے ساکن بون زنیگام، بڈگام کے طور پر کی گئی، جسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔پولیس نے اس کامیابی کو اپنی مستعد کارروائی اور جدید تکنیکی ذرائع کے استعمال کا نتیجہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ کو انصاف فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے گئے ہیں۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پاسداری کریں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔










