یورپی یونین نے ایران میں جاری پُرتشدد مظاہروں کے دوران پھانسی کی پہلی سزا اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کے باعث مزید پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔مانیٹرنگ کے مطابق غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کا کہنا ہے کہ 23سالہ محسن شکاری کو ایک انقلابی عدالت کی جانب سے جمعرات 8 دسمبر کی صبح پھانسی دے دی گئی تھی۔ایران کے اس اقدام کے بعد عالمی برادری سمیت یورپی یونین نے پھانسی کی سزا دینے کی شدید مذمت کی تھی۔مظاہرین کو دی جانے والی سخت سزاؤں کے خلاف برطانیہ نے گزشتہ روز ایران کے اہم عہدیداروں سمیت 30شخصیات اور اداروں پر مزید پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔یورپی سفارتکاروں کا کہنا ہے کہ یورپی یونین یوکرین کے خلاف روس کو ڈرون طیارے فراہم کرنے اور مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن پر مزید پابندیاں عائد کرےگا۔12دسمبر کو برسلز میں وزرائے خارجہ کے اجلاس میں پابندیوں پر باضابطہ طور پر دستخط کیے جائیں گے۔










