zalanski

پوٹن نے تیسری عالمی جنگ شروع کردی :زیلنسکی

کیف/ایجنسیز//ولادیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے اپنے اقدامات سے تیسری عالمی جنگ کا آغاز کر دیا ہے اور اگر انہیں نہ روکا گیا تو اس کے اثرات پوری دنیا پر مرتب ہوں گے۔ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں زیلنسکی کا کہنا تھا کہ روس کی جارحیت صرف یوکرین تک محدود نہیں رہے گی۔ ان کے بقول پوٹن کے عزائم خطہ سے آگے تک پھیلے ہوئے ہیں، اس لیے عالمی برادری کو متحد ہو کر سخت اور مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔ یوکرینی صدر نے زور دیا کہ روسی قیادت کو روکنے کا واحد راستہ مضبوط فوجی اور معاشی دباؤ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر دنیا نے بروقت اور بھرپور ردعمل نہ دیا تو صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے۔ زیلنسکی کے مطابق روس کو یوکرین پر قبضہ کرنے سے روکنا صرف ان کے ملک ہی نہیں بلکہ عالمی امن کے لیے بھی ایک بڑی کامیابی ہوگی۔ دوسری جانب یوکرینی حکام نے بتایا ہے کہ جنوبی شہر اوڈیسہ پر روسی ڈرون حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک جبکہ تین زخمی ہو گئے۔ حکام کے مطابق حملے میں رہائشی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ کر متاثرین کو طبی سہولیات فراہم کر رہی ہیں۔ یوکرینی حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں روسی ڈرون اور میزائل حملوں میں شدت آئی ہے۔
، جس کے باعث شہری آبادی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ یوکرین کو دفاعی نظام کی فراہمی میں مزید تعاون کیا جائے تاکہ فضائی حملوں کا مؤثر جواب دیا جا سکے۔