زمین کی صحت برقرار رکھنا، پانی کا تحفظ اور وسائل کا محتاط استعمال آنے والی نسلوں کیلئے ضروری// وزیر اعظم
سرینگر/یو این ایس// وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ پونگل اب صرف ایک علاقائی تہوار نہیں رہا بلکہ یہ دنیا بھر میں بسنے والی تمل برادری کا عالمی تہوار بن چکا ہے، جو فطرت سے ہم آہنگ زندگی، محنت کی قدر اور شکرگزاری کے جذبے کی علامت ہے۔ انہوں نے یہ بات بدھ کے روز مرکزی وزیر ایل مرگن کی رہائش گاہ پر منعقدہ پونگل تقریب سے خطاب کے دوران کہی، جس میں مرکزی وزرا، اعلیٰ افسران اور مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔یو این ایس کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ پونگل کسانوں کی محنت کو خراجِ تحسین پیش کرنے اور زمین و سورج کا شکریہ ادا کرنے کا تہوار ہے۔ ان کے مطابق یہ تہوار ہمیں یاد دلاتا ہے کہ شکرگزاری صرف الفاظ تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ اسے ہماری روزمرہ زندگی کا حصہ بننا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جب زمین ہمیں اتنی نعمتیں عطا کرتی ہے تو ہمارا فرض ہے کہ ہم اس کی حفاظت کریں اور قدرتی وسائل کا دانشمندانہ استعمال کریں۔مودی نے کہا کہ تمل ثقافت دنیا کی قدیم ترین زندہ تہذیبوں میں سے ایک ہے، جس میں صدیوں کی دانش، روایت اور فکری ورثہ محفوظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا بھارت اپنی ثقافتی جڑوں سے طاقت حاصل کرتے ہوئے ترقی کی راہ پر گامزن ہے، اور پونگل جیسے تہوار ملک میں اتحاد، اعتماد اور باہمی احترام کے جذبے کو فروغ دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ تہوار فطرت، خاندان اور معاشرے کے درمیان توازن قائم رکھنے کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔وزیر اعظم نے ماحولیات کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ زمین کی صحت برقرار رکھنا، پانی کا تحفظ اور وسائل کا محتاط استعمال آنے والی نسلوں کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشن لائف، ایک پیڑ ماں کے نام اور امرت سروور جیسے قومی اقدامات اسی سوچ کی عکاسی کرتے ہیں اور ہمیں قدرت سے ہم آہنگ زندگی کی طرف راغب کرتے ہیں۔پونگل کے موقع پر تمل اور انگریزی میں لکھے گئے ایک خط میں وزیر اعظم نے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا’’میرے عزیز ہم وطنو، وناکّم! پونگل کے پْرمسرت موقع پر میں آپ اور آپ کے اہل خانہ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یہ تہوار ہمیں انسانی محنت اور فطرت کے درمیان گہرے تعلق کی یاد دلاتا ہے۔‘‘انہوں نے کہا کہ پونگل کا تہوار زراعت، کسانوں، دیہی زندگی اور محنت کی عظمت سے گہرا تعلق رکھتا ہے۔ اس موقع پر خاندان اکٹھے ہو کر روایتی کھانے تیار کرتے ہیں، خوشیاں بانٹتے ہیں اور یوں نسلوں کے درمیان تعلق مضبوط ہوتا ہے اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ ملتا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت کو اس بات پر فخر ہے کہ وہ دنیا کی قدیم ترین زبان، تمل، کا گھر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دیکھ کر خوشی ہوتی ہے کہ پونگل آج نہ صرف تمل ناڈو اور بھارت کے دیگر حصوں میں بلکہ دنیا بھر میں بسنے والی تمل برادری کی جانب سے بڑے جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے۔انہوں نے آخر میں کہایک بار پھر آپ سب کو پونگل کی دلی مبارکباد۔ دعا ہے کہ یہ تہوار سب کی زندگی میں خوشحالی، کامیابی اور صحت لے کر آئے۔










