میڈیا مواد کی نگرانی کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کیا
سرینگر//سرینگر کے پولیس مبصر رگھوویندرسوہاس نے ایتوار کو میڈیا سرٹیفکیشن اینڈ مانیٹرنگ سنٹر سرینگر اور ڈی سی آفس سرینگر میں قائم انٹی گریٹڈ الیکشن کنٹرول روم کا دورہ کیا اور آزادانہ ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے ان کے کام کاج کا جائیزہ لیا ۔ اس موقع پر مبصر نے عملے کی جانب سے مین اسٹریم میڈیا اور سوشل میڈیا میں ایم سی ایم سی اور ایم سی سی کی خلاف ورزیوں اور شکایات کی دستاویزات اور خلاف ورزیوں کی کارروائی کی رپورٹ کا معائینہ کیا ۔ ٍانہیں بتایا گیا کہ ایم سی ایم سی سرینگر کی ٹیموں نے میڈیا کے مختلف سلسلوں کی اپنی اسکیننگ کے دوران جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے اعلان کے بعد سے خلاف ورزیوں کے مختلف معاملات کی نشاندہی کی جن کے ازالے کیلئے کارروائی کی گئی ۔ اس کے علاوہ انہیں ایم سی ایم سی کے دیگر کاموں کے بارے میں بریف کیا گیا جس میں اشتہارات کی تصدیق اور میڈیا میں پیڈ نیوز اور سیاسی اشتہارات پر روزانہ اور ہفتہ وار رپورٹس کی تیاری شامل ہے ۔ عملے کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے مسٹر سوہاس نے مرکز کے مجموعی کام کاج پر اطمینان کا اظہار کیا اور پولنگ کے قریب آنے والے دن کے پیش نظر مزید چوکس رہنے اور الیکشن کے دوران امن و امان میں رخنہ ڈالنے والے کسی بھی مواد کی فوری اطلاع دینے کی ہدایت دی ۔ کنٹرول روم کے کام کاج کا جائیزہ لیتے ہوئے مسٹر سوہاس نے ضلع کے رائے دہندگان کی طرف سے درج کی گئی شکایات کی تعداد اور شکایات کے ازالے کیلئے کئے گئے اقدامات کا جائیزہ لیا ۔ انہیں بتایا گیا کہ آئی سی آر کو اب تک 227 شکایات موصول ہوئی ہیں جن میں سے سبھی حل ہو چکے ہیں ۔