amit shah

پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد

تمام ملزمان کو ملک کے عدالتی نظام کے سامنے کھڑا کرکے سخت ترین سزا دی جائے گی/ امیت شاہ

سرینگر / سی این آئی // وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں دہشت گردی کو جڑوں سے ختم کرنا حکومت کا اجتماعی عزم ہے کا اعلان کرتے ہوئے وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ دہلی دھماکے کے مجرموں کو پاتال کی گہرائی سے بھی نکالیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام ملزمان کو ملک کے عدالتی نظام کے سامنے لایا جائے گا اور انہیں سخت ترین سزا دی جائے گی۔سی این آئی کے مطابق وزیر داخلہ امیت شاہ نے دہلی دھماکے کے ذمہ داروں کا سراغ لگانے کا عزم کیا اور زور دے کر کہا کہ مجرموں کو پاتال کی گہرائی سے بھی تلاش کیا جائے گا اور انہیں سخت ترین سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔شمالی زونل کونسل (این زیڈ سی) کی 32ویں میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا ’’وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں دہشت گردی کو جڑوں سے ختم کرنا حکومت کا اجتماعی عزم ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کے اب تک کے ٹریک ریکارڈ کے مطابق دہلی بم دھماکے کے مجرموں کا پتہ ’’ پاتال ‘‘سے بھی نکالا جائے گا، ملک کے عدالتی نظام کے سامنے لایا جائے گا اور انہیں سخت ترین سزا دی جائے گی۔اجلاس کے آغاز میں لال قلعہ کے قریب کار بم دھماکے اور جموں و کشمیر کے نوگام پولیس اسٹیشن میں ہونے والے دھماکے میں ہلاک ہونے والوں کی یاد میں خراج عقیدت پیش کیا گیا اور دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔وزیر داخلہ نے کہا کہ قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے ۔ انہوں نے کہا ’’زونل کونسلیں ڈائیلاگ، تعاون، ہم آہنگی، اور ‘پالیسی ہم آہنگی’ کے لیے انتہائی اہم ہیں۔ ان کونسلوں کے ذریعے کئی قسم کے مسائل حل کیے گئے ہیں‘‘۔شاہ نے کہا کہ اس وقت بھی کئی مسائل ہیں، جیسے کہ خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم میں فوری انصاف کو یقینی بنانے میں تاخیر، غذائی قلت اور سٹنٹنگ، جن سے ملک کو آزاد کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین اور بچوں کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس کے لیے فاسٹ ٹریک اسپیشل کورٹس (FTSC) کی تعداد میں اضافہ کیا جانا چاہیے۔