پورن اسٹار کو خفیہ ادائیگی، ٹرمپ پر فرد جرم عائد،مجرمانہ الزامات کا سامناکرنے والے پہلے امریکی صدر

نیویارک کی عدالت نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو 2016 میں انتخابی مہم کے دوران ایک پورن اسٹار کو خاموش رہنے کے لیے رقم دینے کے الزام میں زیرسماعت مقدمے میں فرد جرم عائد کردی،اس طرح ٹرمپ مجرمانہ الزامات کا سامنا کرنے والے پہلے امریکی صدر بن گئے ہیں۔خبرایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق امریکا کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سابق صدر پر فرد جرم عائد ہوئی اور ان کے خلاف مجرمانہ الزامات پر مقدمہ چلے گا جبکہ 76 سالہ ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف عدالتی فیصلے کے بعد صدارتی انتخاب کے حوالے سے نیا موڑ آیا جہاں ٹرمپ دوبارہ صدر بننے کے لیے امیدوار ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ اپنے اوپر لگنے والے الزامات کی تردید بھی کرچکے ہیں۔ری پبلکن کے سابق صدر کو کئی الزامات کا سامنا کرنا پڑا جس میں دو مرتبہ مواخذہ، امریکی کپیٹل پر حامیوں کے حملے سے لے کر حساس دستاویزات کی نجی دفتر سے برآمدگی شامل ہے تاہم انہیں 44 سالہ سابق پورن اسٹار اسٹورمی ڈینیئلز سے تعلقات پر فرد جرم عائد ہوئی ہے۔نیویارک کے مین ہیٹن ڈسٹرکٹ اٹارنی ایلون بریگ کے دفتر نے تصدیق کی کہ انہوں نے ٹرمپ کے وکیل سے جمعرات کو رابطہ کیا تھا تاکہ نیویارک میں گرفتاری کے لیے خود کو حوالے کریں اور ان پر عائد کیے گئے جرائم بھی اسی وقت بتائے جائیں گے۔سی این این نے رپورٹ کیا کہ انہیں کاروباری فراڈ سے متعلق 30 الزامات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔دوسری جانب ٹرمپ نے فرد جرم عائد کیے جانے کو سیاسی انتقام اور انتخاب میں مداخلت قرار دیا، پروسیکیوٹرز اور ڈیموکریٹس کے اپنے حریف کے خلاف الزام عائد کیا لیکن کہا کہ یہ حربہ ناکام ہوگا۔گرفتاری کے حوالے سے ٹرمپ کے وکیل کہہ چکے ہیں کہ اگر فرد جرم عائد ہوئی تو وہ ایسا ہی کریں گے۔ اس صورت میں ان کو ہتھکڑی بھی لگ سکتی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اسٹورمی ڈینئلز نے بیان میں کہا کہ ’مجھے بہت زیادہ پیغامات موصول ہو رہے ہیں جن کا میں جواب نہیں دے سکتی اور میں اس میں کودنا بھی نہیں چاہتی‘۔