dooran

پنچایت سیکریٹریوں کے تنخواہ اسکیل میں اضافہ

وی ایل ڈبلیوز، ایم پی ڈبلیوز اور گرام سیوکاؤں کی ترقی

سرینگر/یو این ایس// جموں و کشمیر انتظامیہ نے پیر کے روز پنچایت سیکریٹریوں کے لیے پے اسکیل میں خاطر خواہ اضافہ منظور کر لیا، جس سے یونین ٹیریٹری بھر میں دیہی ترقی کے شعبے سے وابستہ ہزاروں ملازمین کو فائدہ پہنچے گا۔سینئر سول انتظامی عہدیدار نے بتایا کہ ولیج لیول ورکرز (وی ایل ڈبلیوز)، ملٹی پرپز ورکرز (ایم پی ڈبلیوز) اور گرام سیوکاؤں،جو پنچایت سیکریٹری کے عہدے کے تحت خدمات انجام دے رہے ہیں،کا پے لیول لیول-2 (19,900 تا 63,200 روپے) سے بڑھا کرلیول-4 (25,500 تا 81,100 روپے) کر دیا گیا ہے۔ یہ ترمیم فوری طور پر نافذ العمل ہو گئی ہے۔یو این ایس کے مطابق انہوں نے کہا کہ موجودہ تمام وی ایل ڈبلیوز، ایم پی ڈبلیوز اور گرام سیوکائیں، جو اس وقت پے لیول-2 میں ہیں، اپنی سابقہ مدتِ خدمات سے قطع نظر، آئندہ کے لیے پے لیول-4 میں منتقل کیے جائیں گے۔ عہدیدار کے مطابق، مستقبل میں پنچایت سیکریٹری کے عہدے پر تمام نئی بھرتیاں براہِ راست پے لیول-4 کے تحت کی جائیں گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ جموں و کشمیر سول سروسز (نظرثانی شدہ پے) قواعد 1992 کے تحت وی ایل ڈبلیوز کو دی گئی خصوصی رعایت، رول 9(جی)، کو آئندہ کے لیے واپس لے لیا گیا ہے۔انتظامیہ نے واضح کیا کہ متعلقہ بھرتی قواعد میں باقاعدہ ترمیم عمل میں لائی جائے گی تاکہ ان تبدیلیوں کو قانونی شکل دی جا سکے۔ یہ حکم محکمہ خزانہ کی 15 مئی 2025 کی باضابطہ منظوری کے بعد جاری کیا گیا ہے۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے دیہی انتظامی ڈھانچے کے ایک اہم طبقے کی مالی حالت بہتر ہوگی، جبکہ ماہرین کے مطابق یہ اقدام نچلی سطح پر حکمرانی کو مضبوط بنانے اور دیہی ترقی کے نظام کو مستحکم کرنے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔