مدت ختم ہونے کے بعد عملدرآمد زیر غور، او بی سی ریزرویشن پر بھی غور جاری
سرینگر//یو این ایس//جموں و کشمیر کے وزیر برائے انتخابات جاوید احمد ڈار نے منگل کو کہا ہے کہ یونین ٹیریٹری میں پنچایتی انتخابات کے انعقاد کیلئے حکومت پوری طرح تیار ہے اور اس سلسلے میں ضروری کارروائیاں مکمل کی جا رہی ہیں۔یو این ایس کے مطابق انہوں نے کہا’’ہم پنچایتی انتخابات کیلئے تیار ہیں، کچھ رسمی کارروائیاں باقی ہیں اور چند امور کو حتمی شکل دینا ضروری ہے، جن پر کام جاری ہے‘‘ انہوں نے واضح کیا کہ تمام تقاضے پورے ہونے کے بعد انتخابات منعقد کرائے جائیں گے۔جاوید احمد ڈار نے مزید کہا کہ مقامی حکومتوں کے انتخابات بھی اسی عمل کی تکمیل کے بعد منعقد کیے جائیں گے۔جموں و کشمیر میں آخری بار پنچایتی انتخابات سال 2018 میں منعقد ہوئے تھے، جن کے تحت منتخب پنچ اور سرپنچ کی مدت پانچ برس تھی۔ اس حساب سے ان اداروں کی مدت 2023 میں مکمل ہو چکی ہے، جس کے بعد سے مقامی دیہی ادارے تحلیل حالت میں ہیں اور انتظامی ذمہ داریاں سرکاری حکام کے سپرد ہیں۔ اسی وجہ سے نئے انتخابات کے انعقاد کا مطالبہ مسلسل زور پکڑتا رہا ہے تاکہ نچلی سطح پر جمہوری نظام کو دوبارہ فعال بنایا جا سکے۔دریں اثنا، وزیر نے دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) کیلئے ریزرویشن کے معاملے پر کہا کہ یہ مسئلہ زیر غور ہے اور اس حوالے سے مشاورت جاری ہے۔ انہوں نے کہا ’’ریزرویشن کے معاملے میں کچھ پیچیدگیاں ہیں، حکومت اس کا جائزہ لے رہی ہے اور فیصلہ مکمل عمل کے بعد ہی لیا جائے گا۔نہوں نے یقین دہانی کرائی کہ تمام قانونی اور انتظامی پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے حتمی فیصلہ کیا جائے گا تاکہ انتخابات شفاف اور منصفانہ انداز میں منعقد ہو سکیں۔










