پلوامہ//قصبہ پلوامہ کی نیوکالونی بستی میں شبانہ جنگجومخالف آپریشن کے دوران ایک غیرملکی کمانڈر سمیت لشکر سے وابستہ3جنگجوئوںکی ہلاکت کے بعدانتظامیہ نے علاقے میں سخت کرفیو نافذ کیا اور کسی کو بھی اپنے گھر سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں دی گئی ۔جے کے این ایس کے مطابق پولیس ذرائع نے بتایاکہ پابندیاں اور کرفیو پورے پلوامہ قصبے میں نافذ کیا گیاہے۔انہوں نے بتایاکہ یہ اقدامات احتیاطی طور پر اْٹھائے گئے ہیں تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔ ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ اس حوالے سے پولیس کی گاڑیوں میں نصب کئے گئے لاؤڈ اسپیکر سے عوام کو اپنے گھروں میںرہنے کی گذارش کی گئی۔دریں اثنا انتظامیہ نے ضلع پلوامہ میں موبائل انٹرنیٹ خدمات کو بھی معطل کر دیا ہے۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ ہمیں گھروں سے باہرآنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے ،اورساتھ ہی یہاں موبائل انٹرنیٹ سروس کوبھی معطل کردیاگیا ہے۔










