lethpora attack

پلوامہ حملے کے شہداء کو خراجِ عقیدت

لیتہ پورہ میں 2019 کے حملے کی یاد میںگلباری کی تقریب

سرینگر//یو این ایس// 2019 کے پلوامہ دہشت گردانہ حملے میں شہید ہونے والے سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے 40 جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ہفتہ کے روز پلوامہ کے علاقے لیتھ پورہ میں ایک پْروقار پھولوں کی چادر چڑھانے کی تقریب منعقد کی گئی۔یو این ایس کے مطابق تقریب میں سی آر پی ایف کے اعلیٰ افسران، سول انتظامیہ اور دیگر سیکورٹی فورسز کے نمائندوں نے شرکت کی اور شہداء کی یادگار پر پھول نچھاور کر کے انہیں سلامِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر شہداء کی قربانیوں، بہادری اور وطن سے وفاداری کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔دریں اثنا، سی آر پی ایف نے بھی اپنے شہداء کو یاد کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک جذباتی پیغام جاری کیا۔ بیان میں کہا گیا’’ہم کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ 14 فروری 2019 کو سی آر پی ایف انڈیا کے 40 بہادر جوانوں نے پلوامہ میں عظیم قربانی پیش کی۔ ان کی بہادری ہمیشہ ہمارے دلوں میں نقش رہے گی۔ ڈی جی جی پی سنگھ اور سی آر پی ایف کے تمام افسران و جوان شہداء کو پرخلوص خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔تقریب کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور قوم ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔