لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے درمیان آج راولپنڈی میں کھیلے جانے والے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 9 کا 17واں میچ خراب موسم کے باعث تاخیر کا شکار ہوگیا۔اسلام آباد اور راولپنڈی میں بارش کی وجہ سے دونوں ٹیموں کے درمیان ٹاس بھی نہیں ہوسکا۔
جڑواں شہروں میں موسلا دھار بارش کے بعد آوٹ فیلڈ سے کور لگائے گئے تھے، تاہم اب انہیں ہٹا دیا گیا ہے اور گراؤنڈ اسٹاف میدان کو میچ کے لیے تیار کرنے میں مصروف ہے۔
دوپہر 2:30 بجے امپائرز گراؤنڈ کا جائزہ لیں گے جس کے بعد میچ کے اوورز کم کیے جانے کا امکان ہے۔واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن 9 میں آج راولپنڈی اسٹیڈیم میں دو میچز کھیلے جائیں گے۔
آج دوپہر 2 بجے پشاور زلمی کا مقابلہ لاہور قلندرز اور شام 7 بجے اسلام آباد یونائیٹڈ کا مقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ہوگا، دونوں میچز پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
تاہم ڈان نیوز کے مطابق دن کے وقت بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش کے امکانات 100 فیصد ہیں جبکہ رات کو بارش کے 90 فیصد امکانات ہیں۔گزشتہ روز بھی راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلادھار بارش ہوئی تھی۔










