پریرنا پوری نے شوپیاں میں عوامی دربار کا اِنعقاد کیا

آن لائن سروس ڈیلیوری اوربہتر حکمرانی کے اہداف کو آگے بڑھانے میں غیر معمولی اقدام۔کمشنر سیکرٹری آئی ٹی

شوپیان//کمشنر سیکرٹری اِنفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی پریرنا پوری نے شوپیاں میں عوامی مسائل اور شکایات کا جائزہ لینے اور ان کو حل کرنے کے لئے عوامی رَسائی پروگرام کے تحت عوامی دربار کا اِنعقاد کیا۔عوامی دربار میں لوگوں اور عوامی نمائندوں نے زبردست شرکت کی جو عوامی شکایات اور مطالبات کے اَزالے کے لئے حکومت جموں و کشمیر کے پُرعزم اَقدام کے تحت منعقد کیا گیا تھا۔ڈِسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل کے ممبران، فروٹ گروئورس، تاجروں، صنعتی اِداروں، کولڈ چین ایسوسی ایشن، سماجی کارکنوں، نوجوانوں کے علاوہ مقامی لوگوں پر مشتمل وفود نے مختلف فلاحی اور ترقیاتی مسائل کو اُجاگر کیا اور اَپنے متعلقہ علاقوں کے مختلف محکموں سے متعلق مطالبات اور شکایات کو پیش کیا۔مقامی لوگوں نے اَپنی شکایات کے جلد اَز جلد اَزالے کے لئے موقعے کو سراہا۔اِن وفود نے مختلف مسائل اُٹھائے جن پر حکام کی جانب سے توجہ دینے اور ان کے ازالے کی ضرورت ہے۔ جن میں اہم ترقیاتی مسائل میں فروٹ منڈی، اگلر کے ساتھ سیلاب سے بچاؤ کے کام، کسانوں کے مسائل جیسے سیب کے لئے اِنشورنس کور کی فراہمی اور سیب کے کاشتکاروں کے دیگر مسائل بالخصوص فصل کی کٹائی کے بعد کے طریقوں کو تقویت دینا، کھیلوں اور فائر سروسز کے بنیادی ڈھانچے میں اِضافہ، بہتر انٹرا ٹاؤن ٹرانسپورٹ خدمات، شوپیاں شہر میں کار پارکنگ، شوپیاں ٹاؤن کے ماسٹر پلان پر نظر ثانی، پانی کی فراہمی کے مسائل ، بجلی کی بِلنگ اور ضلع کے صحت مراکز میں خالی اَسامیوں کو پُر کرنا شامل ہیں۔ لوگوںاور عوامی وفود نے مناسب کاررِوائی کے لئے آبپاشی کی سہولیات کی فراہمی اور نہروں کی بحالی، مغل روڈ کے ساتھ سہولیات، سیاحتی تشہیری تقریبات ، وقف لائبریری خدمات، منشیات بحالی مرکز کا قیام اور دیگرمسائل وِزنٹنگ آفیسرکو گوش گزار کئے۔سیکرٹری نے اہم مسائل کی فوری اَزالے کا لوگوں کو یقین دِلایا۔ اُنہوں نے کہاکہ اعلیٰ سطح پر فیصلوں کی ضرورت کے مسائل کو نوٹ کیا گیا اور مناسب کارروائی کے لئے اُٹھایا جائے گا۔اُنہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ عوامی شکایات اور مسائل کی بھرپور پیروی کو یقینی بنائیں۔پریرنا پوری نے عوامی خدمات کو بڑھانے اور ایک مؤثر اور ذمہ دار اِنتظامیہ کو یقینی بنانے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا اور مؤثر آؤٹ پٹ میکانزم کو اِدارہ جاتی شکل دینے میں شکایا ت ازالے پروگراموں کی اہمیت پر زور دیا۔اُنہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں آن لائن خدمات کی فراہمی کا سب سے بڑا نیٹ ورک عوامی آسانی اور سہولیت کے لئے بہتر حکمرانی کے اہداف کو آگے بڑھانے میں ایک غیر معمولی اَقدام ہے۔اُنہوں نے ضلعی اِنتظامیہ کی جانب سے منشیات کی بدعت کو روکنے کے لئے کی جانے والی کوششوں کو بھی سراہا جس کے لئے اس کی کوششوں کو قومی سطح پر تسلیم کیا گیا۔اِس موقعہ پرضلع ترقیاتی کمشنر شوپیاں، فضل الحسیب نے گزشتہ عوامی رَسائی کیمپوں میں اُجاگر کئے گئے مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا جن کا فوری اَزالہ کیا گیا جبکہ ضلعی اِنتظامیہ کی طرف سے عوامی فلاح و بہبود اور ترقی کے لئے اُٹھائے جانے والے دیگر اَقدامات اور مداخلتوں کے بارے میں جانکاری دی۔اِس موقعہ پر ڈِی ڈِی سی ممبران، اے ڈِی ڈِی سی، اے ڈِی سی، اے سی آر، ایس ڈی ایم، اے سی پی، دیگر ضلعی اَفسران، کارکنوں، نمائندوں اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔