گزشتہ پانچ عوامی درباروں کے دوران اُٹھائی گئی 292 شکایات میں سے 164 کا کامیابی سے ازالہ کیا گیا
راجوری// کمشنر سیکرٹری اِنفارمیشن ٹیکنالوجی پریرنا پوری نے عوامی مسائل کو حل کرنے کی کوشش میںضلع ترقیاتی کمشنر راجوری اوم پرکاش بھگت کے ساتھ آج راجوری ضلع کے لامبری بلاک میں ایک عوامی دربار کا اِنعقاد کیا۔ لامبری میں اِس عوامی دربار میںپی آر آئی کے نمائندوں اورمقامی لوگوں نے شرکت کی۔ اس تقریب میں لوگوں اور وفود کی طرف سے مختلف مسائل اور مطالبات پیش کئے گئے جن میں سڑکوں کی میکڈیمائزیشن، صحت کے بنیادی ڈھانچے کو تقویت دینے، عملے کی کمی کو دور کرنے، پانی کی قلت کو دور کرنے وغیرہ کے مطالبات شامل تھے۔ اِس تقریب میں کمیونٹی کے لئے اہم مخصوص مسائل جیسے پرانے ہینڈ پمپوں کی مرمت اور پانی کی فراہمی کی سکیموں کے الیکٹرو میکنیکل اجزأ کی بروقت اِصلاح کو یقینی بنانے کے لئے اہم مسائل کو کو اُجاگر کیا۔ مزید برآں، جی ایچ ایس ایس لامبری میں اردو ٹیچر کی تقرری، پی ایم اے وائی کے تحت زیر اِلتوأ اقساط کو تیز کرنے، جی ایچ ایس ایس لامبری پر کام دوبارہ شروع کرنے اور ڈنڈانی کی طرف جانے والی سڑک کی خستہ حالی ، لامبری میں ایک ویٹرینری سینٹر کی منظوری، اندرونی سڑکوں پر نکاسی آب کے مناسب نظام کو نافذ کرنا، جسمانی طور خاص افراد کے لئے پنشن میں اِضافہ، گران میں اِنٹرنیٹ کنکٹویٹی کو بہتر بنانا، ایچ ایس گران میں عملے کی کمی سے نمٹنا، لامبری سے گران تک سڑک کی تعمیر اور راجل کو بلیک ٹاپ کرنا اور گراں میں بینک برانچ کی منظوری ، ڈبربگنوٹی پُل پر کام شروع کرنا وغیرہ شامل ہیں۔کمشنر سیکرٹری نے مختلف سرکاری محکموں کی جانب سے لگائے گئے سٹالوں کا معائینہ کیا اورا ن کی متعلقہ فلاحی اور ترقیاتی سکیموں پر روشنی ڈالی۔ اُنہوں نے وہاں کے افسروں اور لوگوںسے بات چیت کی اور ضلع میں لوگوں کی زندگی پر مرکزی معاونت والی او ریوٹی حکومت کی مختلف سکیموں کے اثرات کے بارے میں رائے طلب کی۔اُنہوں نے عوامی دربار میں اپنی تقریر کے دوران مقامی کمیونٹی کی طرف سے پیش کردہ مسائل کو حل کرنے کے لئے حکومت کے عزم کا اِظہار کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت کی اوّلین ترجیح اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ عوام الناس کو بنیادی سہولیات اور خدمات کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے۔اُنہوں نے حاضرین کو یقین دِلایا کہ ان کے مطالبات سنے گئے ہیں اور ان کے تحفظات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔کمشنر سیکرٹری موصوفہ نے حکومت اور عوام کے درمیان تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی عمل صرف اسی صورت میں کامیاب ہوسکتا ہے جب یہ دونوں مل کر کام کریں ۔ اُنہوں نے کمیونٹی کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ ہر ایک کے لئے بہتر معیارِ زندگی کی طرف سفر میں فعال طور پر حصہ لیں ۔اُنہوں نے کہا کہ حکومت کا کردار ترقی کو آسان بنانا ہے لیکن حقیقی ترقی کے لئے لوگوں کی فعال شمولیت اور تعاون کی ضرورت ہوتی ہے۔اُنہوں نے عوامی رسائی کیمپ کے دوران کہا کہ عوامی درباروں کے انعقاد کا بنیادی مقصد ایک جوابدہ اور ذمہ دار انہ حکمرانی کا قیام اور عوام کی شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنانا ہے۔ اُنہوں نے اس سلسلے میں ہونے والی اہم پیش رفت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ گزشتہ پانچ عوامی درباروں کے دوران اُٹھائی گئی 292 شکایات میں سے 164 کا کامیابی سے ازالہ کیا گیا ہے۔پریرنا پورہ نے جل جیون مشن سکیم کی مناسب عمل آوری کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے افسران کو ہدایت دی کہ وہ پروجیکٹوں کی مؤثر نگرانی کو یقینی بنائیں تاکہ پہلے سے طے شدہ وقت کے اندر اُن کی تکمیل کو یقینی بنایا جاسکے۔کمشنر سیکرٹری نے اِنٹرنیٹ کنکٹویٹی سے متعلق خدشات کے جواب میں بتایا کہ جموں و کشمیر میں موبائل ٹاوروں کی تنصیب کے لئے 968 مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے۔ اُنہوں نے عوام کو یقین دِلایا کہ اس مسئلے کو حل کرنے کے لئے ضروری اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں جس کا مقصد مارچ 2024 ء تک موبائل ٹاوروںکی تنصیب کرنا ہے۔ اُنہوں نے حکمرانی کے عمل میں اہم شراکت داروںکے طور پر ان کے کردار کو تسلیم کرتے ہوئے عوام کی آرأ اور تجاویز کو قدر کی نگاہ سے دیکھا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ایک جامع اور شراکتی ماحول کو فروغ دے کر اس پروگرام کا مقصد حکومت اورلوگوںکے درمیان ایک مضبوط رشتہ قائم کرنا ہے۔بعد میں کمشنرسیکرٹری موصوفہ نے ’بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ ‘مہم کے تحت نوزائیدہ بچوں کی ماؤں میں بے بی کیئر کٹس تقسیم کیں ۔اِس کے علاوہ خواتین اِستفادہ کنندگان کو کٹنگ اور ٹیلرنگ کے سر ٹیفکیٹ بھی پیش کئے۔اس سے قبل ضلع ترقیاتی کمشنر نے آیوشمان بھارت ، پی ایم جی ایس وائی ، جے جے ایم ، پی ایم کسان ، پی ایم اے وائی ۔جی وغیرہ سمیت ضلع میں مختلف محکموں کے ذریعے عملائی جانے والی مختلف سکیموں کے تحت درج کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔ اُنہوں نے حالیہ عوامی رابطہ کیمپوں کے دوران عوام کی طرف سے اُٹھائے گئی شکایات اور ان شکایات کے ازالے کی صورتحال بھی پیش کی۔تقریب میں ڈی ڈی سی ممبر سندربنی راجندر شرما، ڈی ڈی سی ممبر سیری سنگیتا شرما، اے ڈی سی نوشہرہ بابو رام ٹنڈن، ڈی ایف او نوشہرہ، سی پی او محمد خورشید، اے سی ڈی وِجے کمار، اے سی پی شیراز چوہان، ڈی ایم او، ڈی ڈی ایمپلائمنٹ نصیب بجرنگ، ڈی پی او ظہیر کیفی، سی ایم او محمد نواز چودھری، ایل ڈی ایم ڈاکٹر راجندر شرما، ایگزیکٹو انجینئران آر ای ڈبلیو، پی ڈی ڈی راجوری، جل شکتی نوشہرہ، پی ڈبلیو ڈی (آر اینڈ بی) نوشہرہ اور دیگر ضلع افسران نے شرکت کی۔










