پرولیج کمیٹی کی پہلی میٹنگ سری نگر میں منعقد

پرولیج کمیٹی کی پہلی میٹنگ سری نگر میں منعقد

چیئرمین نے مؤثر کارکردگی اور باہمی ہم آہنگی پر اعتماد کا اِظہار کیا

سری نگر// جموں و کشمیر اسمبلی کی پرولیج کمیٹی کی پہلی میٹنگ آج اسمبلی کمپلیکس سری نگر میں منعقد ہوئی جس کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین نظام الدین بٹ نے کی۔میٹنگ میں ممبران اسمبلی ریاض احمد خان، سلمان ساگر، شیخ احسن احمد (پردیسی)، جاوید اِقبال، وِکرم رندھاوا اور بھرت بھوشن نے شرکت کی۔ میٹنگ کے شروعات میں چیئرمین نے کمیٹی ممبران کو ان کی ذمہ داریوں اور اِختیارات کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔ اُنہوں نے اِس بات پر اعتماد ظاہر کیا کہ تمام اراکین باہمی ہم آہنگی سے کام کریں گے اور کمیٹی کی مؤثر کارکردگی میں اہم رول اَدا کریں گے۔دورانِ میٹنگ ارکان نے اہم امور پر گفتگو کی اور اَپنی تجاویز و آرأ پیش کیں۔ چیئرمین نے زور دیا کہ کمیٹی اَپنے طے شدہ دائرہ کار کے اندر رہ کر کام کرے گی اور باقاعدگی سے میٹنگ منعقد کرے گی تاکہ پیش کئے گئے معاملات کے حل کے لئے لائحہ عمل تیار اور نافذ کیا جا سکے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ تمام ممبران اَپنی ذِمہ داریاں دیانتداری سے اَدا کریں اور ایوان کی روایات و وقار کو برقرار رکھیں۔یہ بات قابلِ ذِکر ہے کہ سپیکر جموں و کشمیر اسمبلی عبد الرحیم راتھر نے حالیہ اسمبلی اجلاس کے دوران نو رُکنی پرولیج کمیٹی کے قیام کا اعلان کیا تھا جو 31 ؍مارچ 2026 ء تک اپنی مدت پوری کرے گی۔