کمپیوٹر اور اسٹیشنری کی اشیاء سرکاری مڈل اسکول اونہ گام کے طلبہ کو بطور عطیہ پیش
سرینگر // اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (IUST) کے سابق وائس چانسلر پروفیسر مشتاق احمد صدیقی اپنی اہلیہ پروفیسر آسیہ صدیقی، جو جموں و کشمیر انسٹیٹیوٹ آف میتھمیٹیکل سائنسز کی سابق ڈائریکٹر رہی ہیں، کے ہمراہ بدھ کے روز گورنمنٹ مڈل اسکول اونہ گام تشریف لائے۔ اس موقعہ پر موصوفین نے طلبہ کی تعلیمی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک کمپیوٹر اور مختلف اسٹیشنری سامان اسکول کو بطورعطیہ پیش کئے۔کشمیر پریس سروس کے موصولہ تفصیلات کے مطابق اپنے دورہ کے دوران پروفیسر مشتاق صدیقی نے طلبہ سے پْرخلوص انداز میں گفتگو کی اور تعلیم کی اہمیت اور مشکلات کے باوجود مسلسل جدوجہد کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اچھے اخلاق کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے طلبہ سے تلقین کی کہ وہ ذمہ دار شہری اور ہمدرد انسان بننے کی کوشش کریں۔پروفیسر صدیقی نے یقین دلایا کہ اْن کی فلاحی تنظیم بچوں کی تعلیمی محنت اور اساتذہ کی رہنمائی پر عمل کرنے کی صورت میں مستقل معاونت فراہم کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہاکہ نقد اور اجناس کی شکل میں دی جانے والی خیرات کا واحد مقصد یہ ہے کہ آج کے تکنیکی دور میں کوئی بھی غریب بچہ تعلیم سے محروم نہ رہے۔انہوں نے بچوں میں موبائل فون کے غیر ضروری استعمال کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے انہیں مثبت انداز میں ٹیکنالوجی کو اپنانے اور تعمیری سوچ کے فروغ کی تلقین کی۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری اسکولوں کے طلبہ کو وہ صلاحیتیں اور اعتماد دیا جانا چاہیے کہ وہ نہ صرف مقامی بلکہ عالمی سطح پر بھی بہتر وسائل والے اداروں کے طلبہ سے مقابلہ کر سکیں۔”پروفیسر صدیقی نے سرکاری اسکولوں میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری کی ضرورت پر زور دیا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ تعلیم کے شعبے میں بڑھ چڑھ کر عطیات دیں تاکہ موجودہ خلا کو پْر کیا جا سکے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ان افراد اور تنظیموں کے لیے آسانیاں پیدا کرے جو عوامی تعلیمی شعبے کی مدد کرنا چاہتے ہیں۔معاشرے کی خدمت کے لیے بے شمار افراد اور تنظیمیں تیار ہیں—انہیں صرف ایک سازگار ماحول کی ضرورت ہے ْ۔پروفیسر آسیہ صدیقی نے اپنی تقریر میں طالبات کو محنت اور تمام شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے کی تلقین کی، اور خود پر یقین اور ثابت قدمی کی اہمیت پر زور دیا۔اس موقعہ پر اسکول کے ہیڈماسٹر جاوید جواد اور دیگر اساتذہ نے مہمان پروفیسرس کا شکریہ ادا کیا اور ان کی سخاوت اور طلبہ کو زندگی کی قیمتی نصیحتیں دینے پر دلی ممنونیت کا اظہار کیا۔










