پرنسپل سیکرٹری کلچر ڈیپارٹمنٹ اور صوبائی کمشنر کشمیر نے ترنگا ریلی کے حتمی اِنتظامات کا جائز ہ لیا

پرنسپل سیکرٹری کلچر ڈیپارٹمنٹ اور صوبائی کمشنر کشمیر نے ترنگا ریلی کے حتمی اِنتظامات کا جائز ہ لیا

سری نگر //پرنسپل سیکرٹری ثقافت برج موہن شرما اورصوبائی کمشنر کشمیر وِجے کمار بدھوری نے مشترکہ طور پر ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں 12 ؍اگست کو ایس کے آئی سی سی سے بوٹینیکل گارڈن تک بلیوارڈ روڈ پر دس ہزار سے زائد شرکأکی ایک بڑی ترنگا ریلی کے اِنعقاد کے اِنتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔پرنسپل سیکرٹری نے میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ایس کے آئی سی سی اور بوٹینیکل گارڈن میں تھیم پر مبنی سیلفی پوائنٹس نصب کرنے کی ہدایت دی جن میں کیو آر کوڈ کی سہولیت ہو تاکہ تصاویر اَپ لوڈ کی جا سکیں۔اُنہوں نے سیلفی پوائنٹس پر تصاویر اَپ لوڈ کرنے میں شرکأ کی سہولیت کے لئے این سی سی رضاکاروں کی تعیناتی پر مزید زور دیا۔ اُنہوں نے کمشنر ایس ایم سی کو ریلی کے راستے میں درختوں اور پودوں کے تنوں کو تھیم کے مطابق کلر کوٹنگ کی بھی ہدایت دی۔ اِس کے علاوہ اُنہوں نے قومی پرچم کے ضابطہ اخلاق کے احترام کے لئے شرکأ کو آگاہ کرنے کے لئے ہورڈنگز نصب کرنے پر بھی زور دیا۔ اِس موقعہ پر صوبائی کمشنر نے شرکأکے لئے ٹرانسپورٹ پلان کا جائزہ لیا اور ڈل جھیل میں شکاریوں کی ترنگا ریلی کے اِنتظامات پر بھی غوروخوض کیا۔ اُنہوں نے زور دیا کہ شکاریوںکو ترنگے سے سجایا جائے تاکہ ریلی کے دلکش مناظر کو مؤثر طریقے سے پیش کیا جا سکے۔دریں اثنا، اُنہوں نے پنڈال میں پینے کے پانی کی سہولیت اور بجلی اِنتظامات کا جائزہ لیا اور متعلقہ محکموں کو متعدد ہدایات جاری کیں۔ اُنہوں نے متعلقہ محکموں کو ایس کے آئی سی سی میں تھیم پر مبنی سٹالوں کی تنصیب اور نمائش کے اِنعقاد کی بھی ہدایت دی۔
صوبائی کمشنر نے ثقافتی پروگراموں کی پیشکش، بی ایس ایف کے بینڈ کی پرفارمنس، معزز شخصیات اور وار ہیروز کی عزت اَفزائی کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ اُنہوں نے کسی بھی طبی ایمرجنسی کے لئے فرسٹ ایڈ کیمپ اور ایمبولینسز کی تعیناتی کی بھی ہدایت دی۔ایونٹ منیجر کو واٹر پروف ٹینٹ، نشستوں، سٹیج کے قیام اور ایل اِی ڈِی سکرینوں کی تنصیب کے وسیع اِنتظامات کرنے کی ہدایت دی گئی۔میٹنگ میں ڈائریکٹر فلوری کلچر، کمشنر ایس ایم سی، سیکرٹری اے اے سی ایل، اے ڈِی سی سری نگر، ایل سی ایم اے، ایس آر ٹی سی، ہینڈلوم و ہینڈی کرافٹ، پی ایچ ای، کے پی ڈِی سی ایل، آر اینڈ بی، پولیس، سی آر پی ایف، بی ایس ایف، آرمی اور ڈِسٹرکٹ سَینک ویلفیئر آفیسر نے شرکت کی۔