پرنسپل سیکرٹری نے محکمہ زرعی پیداوار کی منسلک سکیموں کی عمل آوری کا جائزہ لیا

جموں//پرنسپل سیکرٹری محکمہ زرعی پیداوارشیلندر کمار نے آج جموں و کشمیر میں محکمہ زرعی پیداوار کی کریڈٹ سے منسلک سکیموں کی عمل آوری کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں قرض سے منسلک مختلف سکیموں بشمول جامع زرعی ترقیاتی پروگرام (ایچ اے ڈی پی) لون پروڈکٹ، ایگری اِنفراسٹرکچر فنڈ سکیم،اینمل ہسبنڈری اِنفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ فنڈ ، پردھان منتری فارملائزیشن آف مائیکرو فوڈ پروسسنگ انٹرپرائزز سکیم، ہائی ڈینسٹی پلانٹیشن (ایچ ڈی پی) سکیم، کسان کریڈٹ کارڈ (کے سی سی) اور راشٹریہ گوکل مشن پر سیر حاصل بحث و تمحیص کی گئی۔ پرنسپل سیکرٹری نے بینکروں اور متعلقہ افسران پر زور دیا کہ وہ اے پی ڈی کی کریڈٹ سے متعلق سکیموں کی مؤثر عمل آوری کے لئے ہم آہنگی پیدا کریں تاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ جموںوکشمیر یوٹی بھر کے تمام اہل کسان مستفید ہوں۔ اُنہوں نے کہا کہ منظوری اور اس کے بعد تقسیم کا عمل آسان ہونا چاہیے۔ اُنہوں نے مزید کہا،’’مسترد ہونے کو کم سے کم کرنے کی ضرورت ہے اور خواہشمند قرض دہندگان کی مدد کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ان تمام سکیموں کا فائدہ اہل کسانوں تک پہنچ سکے۔ اُنہوں نے بینکوں اور لائن ڈپارٹمنٹوں پر زور دیا کہ وہ زیر اِلتوا ٔ معاملات کو فوری طور پر نمٹائیں اور تکنیکی طور پر اہل وسائل کی خدمات حاصل کر کے قرض منصوبوں کی قابلِ عمل اور معیاری تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ (ڈی پی آر) طلب کریں۔ اُنہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ پی ایم فصل یوجنا کے مستفیدین کی تعداد میں مزید اضافہ کرنے کے لئے اَپنی کوششوں کو دوگنا کریں تاکہ مقررہ اہداف کو مکمل طور پر حاصل کیا جاسکے۔پرنسپل سکریٹری نے دونوںصوبوں کے محکمہ زراعت کو ہدایت دی کہ وہ کسانوں کو فصل بیمہ یوجنا کے فوائد اور ان کی سماجی و اقتصادی بااِختیار بنانے کے لئے تیار کردہ متعلقہ سکیموں کے بارے میں آگاہ کریں۔ اُنہوں نے اَفسران سے یہ بھی کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کے مختلف محکمہ جاتی یونٹوںمیں پڑے تمام زیر اِلتوا ٔ معاملات کو کم سے کم وقت میں حل کیا جائے۔ اُنہوں نے ان سے کہا کہ وہ مشن موڈ میں اِن سکیموں کے تحت تمام اہل کسانوں کی کوریج کو یقینی بنائیں۔اُنہوں نے بعض اَضلاع کی ناقص کارکردگی پر تشویش کا اِظہار کرتے ہوئے متعلقہ اضلاع کو سخت ہدایات جاری کیں کہ وہ مقررہ اہداف کے حصول کے لئے کوششیں تیز کریں اور اپنے کام کو مزید ہموار کریں۔اِس سے قبل محکمہ زراعت نے رواں برس کے دوران اَب تک حاصل ہونے والی کامیابیوں پر تفصیلی پرزنٹیشن پیش کی اور اس کے علاوہ سکیموں کے آسانی سے عمل آوری میں رُکاوٹ بننے والے متعدد مسائل کو اُجاگر کیا۔میٹنگ میں مشن ڈائریکٹر ایچ اے ڈی پی، ڈائریکٹر اور سی ای اوجے اینڈ کے بینک لمیٹڈ، چیف جنرل منیجر نبارڈ جے اینڈ کے، ڈائریکٹر سیریکلچر ڈیپارٹمنٹ، ڈائریکٹر جنرل شیپ ہسبنڈری ڈیپارٹمنٹ کشمیر، ڈائریکٹر جنرل پلاننگ ایگریکلچر پروڈکشن ڈیپارٹمنٹ، ڈائریکٹر اینمل ہسبنڈری ڈیپارٹمنٹ جموں/کشمیر، ڈائریکٹر شیپ ہسبنڈری جموں، ڈائریکٹر ہارٹیکلچر ڈیپارٹمنٹ جموں/کشمیر، ڈائریکٹر ہارٹیکلچر پلاننگ اینڈ مارکیٹنگ ڈیپارٹمنٹ، ڈائریکٹرفائنانس اے پی ڈی، ڈائریکٹر فشریز ڈیپارٹمنٹ جموں و کشمیر، ڈائریکٹرزرعی پیداوار و بہبودی کساناں محکمہ جموں/کشمیر،فائنانشل ایڈوائزر اور سی ای او اے پی ڈی کے علاوہ متعلقہ اَفسران نے ذاتی طور پر اور بذریعہ ورچیول موڈ شرکت کی۔