پرنسپل سیکرٹری محکمہ زرعی پیداوار نے فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل ٹرمینل مارکیٹ کے کام کاج کا جائزہ لیا

پرنسپل سیکرٹری محکمہ زرعی پیداوار نے فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل ٹرمینل مارکیٹ کے کام کاج کا جائزہ لیا

جموںوکشمیر میں منڈیوں کیلئے 6کوالٹی کنٹرول لیبارٹریوں کی منظوری اور اِی۔این اے ایم تجارت گزشتہ برس کے مقابلے میں 450کروڑ 14گناسے زیاد ہ ہے

سری نگر//پرنسپل سیکرٹری محکمہ زرعی پیداوار شیلندر کمار نے آج جموں و کشمیر کے ٹرمینل فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل مارکیٹ ایسوسی ایشنوں کے صدور کے ساتھ ان کے کام کاج اور مجموعی ترقی کے منظرنامے کا جائزہ لینے کے لئے ایک تفصیلی میٹنگ منعقد کی۔میٹنگ میںپارم پورہ، نروال، جبلی پورہ اننت ناگ، اَگلر شوپیاں اور سوپور کی فروٹ اور سبزی منڈیوں کے صدوراورنمائندوں نے شرکت کی۔ڈائریکٹر ہارٹی کلچر (پی اینڈ ایم) وِکاس شرما نے شرکأ کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان خدمات اور دیگر سہولیات پر توجہ دی جو محکمہ کاشت کاروں کو اُن کے آسان کاروباری کاموں کے لئے فراہم کر رہا ہے۔ایسوسی ایشن کے ممبران نے اَپنے متعلقہ فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل مارکیٹوںکے مسائل کو اُجاگر کیااور ان کے جلد حل کی درخواست کی۔ منڈیوں کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جن میں باغِ سُندری روڈ کی جلد تکمیل اور ٹرک ٹرمینل کی ترقی ، نروال منڈی میں لیز میں توسیع ، ایس ڈی اے طرف سے پارم پورہ میں سی اے سٹور کی تعمیر کی اِجازت اور اس کے ضمنی ایم او یو اورلیز ، اَگلر اور جبلی پورہ میں دکانوں کی الاٹمنٹ شامل ہیں۔شیلندر کمار نے بغور شرکأ مسائل سنے اور تمام مسائل کے بارے میں تفصیلی گفتگو کی۔اُنہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شفافیت اور جوابدہی کے لئے دکانوں کی تمام الاٹمنٹ اِی۔ نیلامی کے ذریعے کی جائے گی۔ اُنہوں نے ایسوسی ایشن کے ممبران کو ان کی آرأ کے لئے مدعو کیا جنہیں اِی۔نیلامی کے پیرامیٹروں کی شکل دیتے وقت دھیان میں رَکھا جائے گا۔پرنسپل سیکرٹری نے منڈیوں کی صفائی ستھرائی پر زور دیا اور تمام فروٹ و ویجی ٹیبل منڈیوں کو اِس پہلو پر ترجیحی بنیادوں پر توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت دی ۔ اُنہوں نے فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل مارکیٹ کے حکام سے کہا کہ وہ ہر برس ستمبر،اکتوبر تک ہر منڈی میں ترقیاتی کاموں کے لئے بجٹ تیار کریں اور جنوری تک اس کی منظوری دیں تاکہ کام جلد شروع ہوسکے۔شیلندر کمار نے جعلی کھادوں اور کیڑے مار اَدویات کے بارے میں بتایا کہ مؤثر طریقۂ کار وضع کیا گیا ہے اور قانون عملانے والے اِداروں نے اس کی روک لگادی ہے اور اگر کوئی بدعنوانی میں ملوث پایا جاتا ہے تو اس پر بھاری جُرمانہ عائد کیا جاتا ہے اور مناسب کاررِوائی کی جاتی ہے۔ اُنہوں نے ایسوسی ایشنوں کو اَپنے اطمینان کے لئے قانون عملانے والے اِداروں کے ساتھ شامل ہونے کی دعوت دی۔پرنسپل سیکرٹری نے اس بات پر زور دیا کہ جامع زرعی ترقیاتی پروگرام( ایچ اے ڈِی پی) جیسی سرکاری سکیمیں کسانوں کے مجموعی فائدے اور ان کی کاروباری ترقی کے لئے تیار کی گئی ہیں اور ایک نئی سکیم جے کے سی آئی پی بھی شروع کی گئی ہے۔ ایچ اے ڈِی پی اور جے کے سی آئی پی میں تقریباً 7000کروڑ کا مجموعی بجٹ شامل ہوگا۔ اُنہوں نے اِی۔این اے ایم تجارت کو کئی گنا بڑھانے کے لئے محکمہ کی سراہنا کی۔ اُنہوں نے کاشت کاروں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی پیداوار کی منافع بخش قیمت حاصل کرنے کے لئے اِی ۔این اے ایم میں حصہ لیں۔میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری نے منڈی ایسوسی ایشنوں کی جانب سے جموں و کشمیر کی چھ پھل اور سبزی منڈیوں کے لئے تقریباً ایک کروڑ روپے کی لاگت سے کوالٹی کنٹرول لیبارٹریوں کے قیام کے مطالبے کو قبول کیا جس سے برآمد کئے جانے والے پھلوں کے کوالٹی کنٹرول میکانزم کو بڑھانے کی اُمید ہے۔ میٹنگ میں یہ بھی جانکاری دی گئی کہ اس برس سے باغبانی کی فصلوں کے لئے فصل بیمہ سکیم کو منظوری دی گئی ہے۔میٹنگ میں سیکرٹری محکمہ زرعی پیداوار،سیکرٹری ٹیکنیکل ایگری کلچر پروڈکشن ڈیپارٹمنٹ ، منیجنگ ڈائریکٹر جے کے ایچ پی ایم سی ہارٹی کلچر کشمیر اورجموں، ایف اے اورسی اے او ہارٹی کلچر، جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ ہارٹی کلچر، ڈپٹی ڈائریکٹر (پی اینڈ ایم) جموں و کشمیر، اے ایم او ایس اور ٹیکنیکل آفیسر ہارٹی کلچر نے شرکت کی۔