سری نگر//پرنسپل سیکرٹری داخلہ چندراکر بھارتی نے بینکٹ ہال میں ایک عوامی دربار کی صدارت کی تاکہ ضلع سری نگر کے لوگوں کے مسائل اور شکایات سنیں۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ، کمشنر ایس ایم سی ڈاکٹر اویس احمد، وِی سی ایل سی ایم اے ڈاکٹر بشیر احمد، ایس ایس پی سری نگرآشیش مشرا ، ایس ایس پی ٹریفک سٹی مظفر شاہ اور آر ٹی او کشمیر شاہنواز بخاری بھی موجود تھے۔عوامی دربار میں ضلعی ترقیاتی کونسل کے ممبران، تمام متعلقہ محکموں کے اَفسران، دیگر متعلقہ اَفسران اور مقامی لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔پرنسپل سیکرٹری نے دربار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے اِس اقدام سے شہریوں کی جانب سے مثبت ردِّعمل سامنے آیا ہے جو اِنتظامیہ کے اعلیٰ اَفسران سے بات چیت کرنا بہت آسان سمجھتے ہیں۔پرنسپل سیکرٹری نے شرکأ کو یقین دِلایا کہ عوامی دربار میں اُٹھائے گئے ان کے تمام حقیقی مسائل کو مقررہ وقت میں حل کیا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ ضلع اِنتظامیہ سری نگر ضلع میں ترقی و خوشحالی کو یقینی بنانے کے علاوہ مقامی مسائل کو حل کرنے میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔چندراکر بھارتی نے تمام مقامی لوگوں پر زور دیا کہ وہ ان عوامی درباروں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اُٹھائیں اور اَپنے ترقیاتی مسائل کو اِنتظامیہ کے سامنے رکھیں۔دربار کے دوران عوامی وفود اور مقامی لوگوں نے پرنسپل سیکرٹری کے سامنے ترقیاتی نوعیت کے مختلف مطالبات اُٹھائے اور ان کے بروقت اَزالے کا مطالبہ کیا۔رنسپل سیکرٹری نے عوام کی جانب سے اُٹھائے گئے تمام مطالبات اور ترقیاتی مسائل کوبغور سُنا اور ترجیحی بنیادوں پر اُن کے ازالے کے لئے موقعہ پر ہدایات جاری کیں۔چندراکر بھارتی نے متعلقہ محکموں کے تمام افسروں کو ہدایت دی کہ وہ سرکاری ذمہ داریوں کی آسانی سے انجام دہی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ان شکایات اور مسائل کو بروقت نمٹانے کے لئے ہم آہنگی سے کام کریں۔










