پرنسپل سیکرٹری ثقافت نے آرکائیوز ،آرکیالوجی اورمیوزیم محکمہ کے کام کاج کا جائزہ لیا

سریش کمار گپتا نے جموں و کشمیر کے ورثے اور ثقافتی وراثت کے بارے میں عوامی بیداری کی اہمیت پر زور دیا

جموں//پرنسپل سیکرٹری محکمہ ثقافت سریش کمار گپتا نے جموں میں آرکائیوز، آرکیالوجی اور میوزیم محکمہ کے کاموں کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں ڈائریکٹر اے اے ایم جموں و کشمیر راج کمار کٹوچ،ڈائریکٹر فائنانس محکمہ ثقافت ایس ستنام سنگھ، سپیشل سیکرٹری ثقافت تریشلا کماری، سسٹنٹ ڈائریکٹر اے اے ایم جموںڈاکٹر سنگیتا شرما،اسسٹنٹ ڈائریکٹر اے اے ایم کشمیر مشتاق احمد بیگ اور دیگر متعلقہ افراد نے ذاتی طور پر اور بذریعہ آن لائن موڈ شرکت کی۔دورانِ میٹنگ ڈائریکٹر اے اے ایم راج کمار کٹوچ نے ایک تفصیلی پرزنٹیشن پیش کی جس میں محکمے کی سرگرمیوں اور مختلف آپریشنل پہلوؤں کا خاکہ پیش کیا گیاجن میں آرکائیوز ریپوزٹری، آرکائیول ریکارڈ، ریفرنس لائبریریز اور میوزیم شامل ہیں۔میٹنگ میں جموںوکشمیر میں محفوظ یادگاروں کی حیثیت پر توجہ مرکوز کی گئی اور ان کی تعداد اور تحفظ کی جاری کوششوں پر زور دیا ۔پرنسپل سیکرٹری نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ مرکزی حکومت سے درج 495 ورثہ یادگاروں میں سے 56 کو آرکیالوجیکل سروے آف اِنڈیا نے سینٹرل ایکٹ نوٹیفکیشن کے ذریعہ تحفظ کے لئے شروع کیا ہے۔مزید برآں، جموں و کشمیر ایکٹ نوٹیفکیشن کے تحت 54 یادگاروں کی نشاندہی کی گئی ہے جن میں سے کل 110 یادگاروں کے تحفظ کا کام جاری ہے۔میٹنگ میں یادگاری ڈھانچے کے تحفظ اور تحفظ کے مقصد سے خصوصی سکیموں پر تبادلہ خیال کیا گیا جس میںبحالی، تحفظ اور دیکھ دیکھ اور ورثہ جموں و کشمیر کی سکیم پر خصوصی توجہ دی گئی۔پرنسپل سیکرٹری سریش کمار گپتا نے جموں و کشمیر کے شاندار ورثے اور ثقافتی وراثت کے بارے میں عوامی بیداری کی اہمیت پر زور دیا۔ اُنہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ جموں وکشمیرکے ورثے کی یادگاروں کے بارے میں عوام تک معلومات پہنچائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ تعریف اور تفہیم کو فروغ دیا جاسکے۔مزید برآں، یہ نوٹ کیا گیا کہ تمام اضلاع میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنروں کو نوڈل افسر مقرر کیا گیا ہے، جنہیں اَپنے متعلقہ دائرہ اِختیار میں بحالی کی کوششوں میں تیزی لانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔اِس کے علاوہ سریش کمارگپتا نے پرانے سیکرٹریٹ مبارک منڈی میں اے اے ایم دفتر کے مختلف حصوں کا بھی معائینہ کیا جس میں آرکائیوز ریفرنس سیکشن، تاریخی دستاویزات سیکشن اور سٹیٹ آرکائیوز ریپوزٹری جموں شامل ہیں۔