سری نگر//جموں وکشمیر پولیس کے ڈائریکٹر جنرل دلباغسنگھ نے پولیس ہیڈ کوارٹر جموں میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جموں زون کے سیکورٹی منظر نامے کا جائزہ لیا ۔انہوںنے پولیس ودیگرسیکورٹی ایجنسیوں کے درمیان موثر ہم آہنگی وبہتر تال میل کی اہمیت کواُجاگر کرتے ہوئے کہاکہ ایکدوسرے کیساتھ معلومات کوشیئرکرکے ہم امن مخالف عناصر کی کوششوں ،سازشوں اورمنصوبوں کوبروقت ناکام بناسکتے ہیں ۔جے کے این ایس کے مطابق گزشتہ روز پولیس ہیڈکوارٹر جموں میں سینئرپولیس افسران کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے ڈی جی پی دلباغ سنگھ نے سراغ رسانی اور سیکورٹی گرڈ کو مزید بڑھانے پر زور دیا تاکہ سرحد پار سے دراندازی کی جاری کوششوں اور ملک دشمن عناصر کی طرف سے ڈرون کی سرگرمیوں میں اضافے کے پیش نظر امن دشمن عناصر کو کوئی گنجائش نہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ زمین پر موجود اہلکاروں کو باقاعدگی سے بریف کیا جانا چاہیے اور بہتر نتائج کیلئے نچلی سطح پر ہم آہنگی کو بڑھایا جانا چاہیے۔ انہوں نے اپنے اپنے علاقوں میں موثر چوکسی اور نگرانی کی ہدایت کی اور سرحد کے ساتھ ساتھ ہائی وے گرڈز کو مضبوط کر کے تخریبی عناصر پر کڑی نظر رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ڈی جی پی نے جموں زون میں سڑک کی سرنگوں کی حفاظت کا بھی جائزہ لیا اور ان کی حفاظت کے حوالے سے ضروری ہدایات دیں۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ زمینی تعیناتی کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لیں۔ڈی جی پی نے افسران پر تحقیقات کے معیار اور تفتیشی مراکز کو اپ گریڈ کرنے کیلئے بھی کہا۔ڈی جی پی دلباغ سنگھ نے زمینی صورتحال پر مسلسل قریبی نگاہ رکھنے اور امن مخالف عناصر کی کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے مختلف سکیورٹی فورسز کے مابین حقیقی ہم آہنگی اور تال میل کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کسی بھی ملک دشمن یا سماج مخالف سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔پولیس چیف کاکہناتھاکہ جموں و کشمیر پولیس دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کیساتھ مل کر لوگوں کی حفاظت اور امن کے استحکام کے لئے سخت محنت کر رہی ہے۔انہوںنے مزید کہا کہ جو لوگ جموں و کشمیر کے پرامن ماحول کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، انہیں بخشا نہیں جائے گا۔ ڈی جی پی دلباغ سنگھ نے سیکورٹی گرڈز کو مضبوط بنانے میں ٹیکنالوجی کے استعمال کا اعادہ کرتے ہوئے بارڈر گرڈ کو مضبوط بنانے میں لوگوں کے تعاون کے حصول پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حمایت یافتہ دہشت گرد گروہ اور ان کے ساتھی جموں و کشمیر میں مسلسل مشکلات پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ ایسی کسی بھی کوشش کو ہمت سے ناکام بنایا جائے گا۔ ڈی جی پی دلباغ سنگھ نے سیکورٹی ایجنسیوں کے مابین مؤثر ہم آہنگی کو برقرار رکھنے اور ہر اہم معلومات کو شیئر کرنے پر زور دیا تاکہ ضرورت پڑنے پر فوری کارروائی کی جائے۔ ڈی جی پی نے مزید کہا کہ جنگ بندی کے باوجود دراندازی کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ڈی جی پی نے جموں وکشمیر میں جنگجوئوں کے بالائی زمین نیٹ ورکس کاپتہ لگاکراُنھیں توڑنے پر زور دیا۔ڈی جی پی دلباغ سنگھ نے افسران پر زور دیا کہ وہ کسی بھی کورپٹ طرز عمل میں ملوث اہلکاروں کی شناخت کریں اور ان کے خلاف کارروائی کریں۔ڈی جی پی دلباغ سنگھ نے کہا کہ منشیات فروشوںکے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے اور اس کے باوجود انہوں نے اس لعنت کے خاتمے کے لئے منشیات کے نیٹ ورکس کو ختم کرنے پر زور دیا۔اس اجلاس کے دوران پچھلے اجلاس کے فیصلوں اور ہدایات پر عمل کرنے کا بھی جائزہ لیا گیا۔اے ڈی جی پی جموں ش مکیش سنگھ رینج ڈی آئی ایس جی ، اور ڈسٹرکٹ ایس ایس پی نے ڈی جی پی جے اینڈ کے کو اپنے متعلقہ دائرہ کار کے سیکورٹی منظر نامے کے بارے میں آگاہ کیا۔










