fee

پرائیویٹ سکولوں کو فیس مقرر کرانے کی آخری مہلت

30ستمبر تک کاغذات پیش کریں :فی فکزیشن کمیٹی کی ہدایت

سری نگر//فی فکزیشن اینڈ ریگولیشن کمیٹی نے پرائیویٹ سکولوں کوفیس مقرر کروانے کے لئے ایک آخری مہلت دینے کا فیصلہ کیا ہے اور باقی ماندہ سکولوں کورواں ماہ کے آخر تک کاغذات پیش کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ے کے این ایس کے مطابق کمیٹی کی جانب سے جاری کئے گئے ایک حکمنامہ زیر نمبر 64ایف ایف آر سی 2021بتاریخ 14ستمبر میں کمیٹی کے چیرپرسن مظفر حسین عطار نے پرائیویٹ سکول منتظمین، انجمنوں اور دیگر متعلقین کی درخواستوں پر غور کرتے ہوئے کہاہے کہ کمیٹی نے فائلیںوصول کرنے کے لئے ایک بارپھر سکولوں کو موقعہ دینے کا فیصلہ لیا ہے اور اب یہ سکول 30ستمبر 2021تک اپنی فائلیں کمیٹی کے جموں اور سرینگر کے دفاتر میں جمع کرسکتے ہیں۔ انہو ںنے ان تمام سکولوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی فائلیں مقررہ وقت کے اندر اندر کمیٹی کے پاس جمع کریں تاکہ ان کے بارے میں معقول احکامات جاری کئے جاسکیں۔ واضح رہے پرائیویٹ سکولوں کو فیس مقرر کرنے کے لئے فی فکزیشن کمیٹی کے پاس کاغذات جمع کرنا لازمی ہوتاہے ۔ اس حوالے سے کمیٹی نے 19جنوری کو ایک حکمنامہ جاری کیا جس میں پرائیویٹ سکولوں کو30دنوں کی مہلت دی گئی تھی ، کمیٹی نے 22فروری کو ایک اور حکمنامہ زیر نمبر 46جاری کیا جس میں سکولوں کو 22مارچ تک فائلیں جمع کرنے کی مہلت دی گئی ۔ اسکے بعد یہ مہلت 10مئی تک بڑھادی گئی لیکن اسکے باوجود بہت سارے سکول اپنے کاغذات کمیٹی کے پاس جمع نہیں کراسکے۔ کمیٹی نے کووڈھ19کے مشکلات اور پرائیویٹ سکول تنظیموں کی درخواستیں مدنظر رکھتے ہوئے فائلیں وصول کرنے کی معیاد 31جولائی تک بڑھا ئی۔جس کے بعد درجنوں سکولوں نے کمیٹی سے رجوع کیا اور ایک اور موقعہ فراہم کرنے کی درخواستیں دیں۔ چنانچہ ان سبھی درخواستوںکو مدنظر رکھتے ہوئے کمیٹی نے اب فائلیں وصول کرنے کی آخری تاریخ 30ستمبر مقرر کردی ہے۔حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ جو سکول 30ستمبر تک اپنی فائلیں جمع کرنے میں ناکام ہونگے انکے خلاف ضابطے کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔