سری نگر//پرائیویٹ اسکولوں کے منتظمین کی من مانیوں سے تنگ آکروالدین میں بچوں وبچیوں کے تعلیمی مستقبل کولیکر سخت فکروتشویش پائی جاتی ہے ۔والدین کاکہناہے کہ بیشتر نجی اسکول اب تعلیمی ادارے کم اورمنافع بخش کاروباری مراکز بننے کی دوڑ میں لگے ہوئے ہیں ۔والدین کواسبات پر بھی تشویش ہے کہ محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام اپنے یاحکومت کی جانب سے جاری احکامات کوعملانے میں بھی ناکام نظرآرہے ہیں ۔کشمیر نیوز سروس کے مطابق شہرسری نگراورکشمیروادی کے دوسرے اضلاع میں قائم پرائیویٹ اسکولوںکے منتظمین کورونا سے پیداشدہ معاشی ومالی بحران کے باوجودوہاں زیرتعلیم بچوں وبچیوں کے والدین کی جیبیں ٹٹولنے سے باز نہیں آرہے ہیں بلکہ مختلف حربوں سے متعلقہ والدین سے روپے پیسے بٹورنے میں مصروف عمل نظرآتے ہیں ۔والدین کی شکایت ہے کہ سرکاری احکامات کے باوجود نجی اسکولوں کے منتظمین زیرتعلیم بچوں وبچیوں کے سالانہ فیس کی مانگ کرتے ہیں ،اورماہانہ اسائنمنٹ یاسوالناموں فراہم کرنا بھی فیس وصول کرنے کی ہی ایک کڑی ہے ۔والدین کے ایک وفد نے بتایاکہ اقبال میموریل اسکول بمنہ کی انتظامیہ کی جانب سے زورزبردستی ماہانہ فیس لینے کے بیچ راجباغ سری نگر میں قائم ایک اورنجی اسکول کی انتظامیہ بھی والدین کوسالانہ فیس ادا کرنے پرمجبور کررہی ہے ۔والدین کے وفد نے بتایاکہ لینٹن ہال ہائراسکنڈری اسکول متصل مسجد نور راجباغ سری نگرکی انتظامیہ یہاں زیرتعلیم طلاب کے والدین سے سالانہ فیس ادا کرنے کیلئے دبائو ڈال رہی ہے ۔وفد میں شامل والدین نے بتایاکہ اسکول انتظامیہ نے اُنھیں اسکول دفتر آنے کوکہا تھا،اورجب والدین وہاں گئے تواسکول دفترمیں تعینات ملازمین نے بچوں بچیوں کاسالانہ فیس طلب کیا۔والدین کے بقول جب انہوں نے اس زورزبردستی پربرہمی کااظہار کیا تواسکول ملازمین نے یہ کہہ کر اپنادامن چھڑا لیا کہ یہ اسکول کی منیجمنٹ کافیصلہ ہے ،ہم اس میں کچھ نہیں کرسکتے ۔والدین کاکہناتھاکہ جب انہوںنے ملازمین سے کہاکہ وہ اسکول پرنسپل سے ملنا چاہتے ہیں توملازمین نے کہاکہ پرنسپل صاحبہ یہاں موجودنہیں ہیں ۔والدین نے مزیدکہاکہ رواں سال کے اوائل میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کی شروعات کیساتھ ہی جب تمام تعلیمی ادارے بندکئے گئے توحکومت اورمحکمہ اسکولی تعلیم کی جانب سے یہ احکامات جاری کئے گئے کہ پرائیویٹ اسکول داخل اورزیرتعلیم طلاب سے صرف ماہانہ ٹیوشن فیس لیں گے اوراسکے بغیرکوئی دوسرافیس یاچارجز نہیں لئے جائیں گے ۔وفد نے محکمہ تعلیم کی جانب سے 17اپریل 2021کوجاری کردہ آرڈرمیںتمام پرائیویٹ اسکولوں کوہدایت دی گئی تھی کہ وہ کورونا لاک ڈائون کے پیش نظراسکول بندرہنے کے دوران طلاب سے ماہانہ ٹیوشن فیس کے علاوہ کسی بھی قسم کادوسرا فیس یاچارجز بشمول سالانہ فیس طلب نہ کریں ۔مذکورہ سرکاری آرڈرمیں یہ واضح کیا گیاہے کہ نجی اسکولوںکی جانب سے زیرتعلیم طلاب سے سالانہ فیس یا چارجز لینے کاکوئی جواز نہیں ہے،اسلئے متعلقہ اسکولوں کے منتظمین ایسا کرنے سے گریز کریں ۔










