پبلک اَنڈر ٹیکنگز کمیٹی کی تعارفی و جائزہ میٹنگ منعقد

پبلک اَنڈر ٹیکنگز کمیٹی کی تعارفی و جائزہ میٹنگ منعقد

سری نگر// جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی پبلک انڈرٹیکنگزکمیٹی نے آج اسمبلی کمپلیکس سری نگر میں ایک تعارفی وجائزہ میٹنگ منعقد کی۔ میٹنگ کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین علی محمد ساگر نے کی اور اِس میں ممبران علی محمد ڈار، بلدیو راج شرما، میر محمد فیاض، رنبیر سنگھ پٹھانیہ، شوکت حسین گنائی، سیّد الدین بٹ اور تنویر صادق نے شرکت کی۔چیئرمین نے پبلک سیکٹر اَنڈر ٹیکنگز( پی ایس یوز) کی کارکردگی اور مؤثریت کو مضبوط بنانے کے لئے تمام اَراکین اور افسران کی فعال شرکت کی اہمیت پر زور دیا۔اُنہوں نے خسارے میں چلنے والی کارپوریشنوں کی بحالی کے لئے ٹھوس اَقدامات کی فوری ضرورت کو اُجاگر کیا اور شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنانے کے لئے مضبوط آڈِٹ اور جانچ کے نظام پر زور دیا۔ اُنہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ عوامی اِداروں کی موجودہ صورتحال کے ساتھ ساتھ آڈِٹ رپورٹس پیش کریں تاکہ مؤثر فیصلے اور اِصلاحات ممکن بن سکیں۔چیئرمین نے کہا،’’کمیٹی کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ ہمارے عوامی اِدارے فعال ہوں، معاشی ترقی میں حصہ لیں اور لوگوںکے لئے کاروبار و روزگار کے مواقع پیدا ہوں۔‘‘دورانِ میٹنگ پرنسپل اکاؤنٹنٹ جنرل نے آڈِٹ کے طریقۂ کار کے بارے میں آگاہ کیا اور جموں و کشمیر میں پبلک سیکٹر کارپوریشنوں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے سفارشات پیش کیں۔کارپوریشن و ار جائزہ میٹنگوںکے اِنعقاد پر زور دیا گیاجبکہ کمیٹی کے اراکین نے سیکٹر میں بہتری کے لئے اِجتماعی طور پر کام کرنے کا عزم کیا۔ اراکین نے مختلف متعلقہ مسائل پر اپنی تجاویز بھی پیش کیں۔میٹنگ میں پرنسپل اکائونٹنٹ جنرل جے اینڈ کے سری نگر جے پی این سنگھ، سیکرٹری قانون ساز اسمبلی منوج پنڈتا، ڈائریکٹر جنرل اکاؤنٹس و خزانہ، ڈائریکٹر جنرل ایکس پنڈیچر فائنانس اور دیگر متعلقہ اَفسران بھی موجود تھے۔