ایشیا کپ 2022 کے سپر فور مرحلے میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت کو شکست دے دی، بھارت کا 182 رنز کا ہدف پاکستان نے ایک گیند قبل حاصل کیا۔محمد رضوان نے 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 51 گیندوں پر 71 رنز بنائے اور محمد نواز نے 20 گیندوں پر 42 رنز کی شانداراننگز کھیلی اور 4 اوورز میں 25 رنز دے کر ایک وکٹ بھی حاصل کی، محمد نواز کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔محمد رضوان اور محمد نواز کے درمیان 41 گیندوں پر 73 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔پاکستان کی جانب سے بیٹنگ کا آغاز محمد رضوان اور بابر اعظم نے کیا۔بھارت کی جانب سے بھونیشور کمار نے پہلا اوور کروایا جس میں بابر اعظم نے انہیں شاندار چوکا لگایا۔دوسرے اوور میں ارشدیپ سنگھ نے اچھی باؤلنگ کرتے ہوئے صرف دو رنز دیے۔بھونیشور کمار کے دوسرے اوور میں بابر اعظم نے آخری گیند پر دلکش چوکا رسید کیا، اور اس اوور میں 8 رنز بٹورے۔بھارتی کپتان روہت شرما نے چوتھا اوور کروانے کے لیے گیند روی بشنوئی کو تھمائی، جنہوں نے مایوس نہیں کیا اور بابر اعظم کی بڑی وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔ایشیا کپ میں پاکستانی کپتان بابر اعظم ایک بار پھر بڑی اننگ کھیلنے میں ناکام رہے، محمد رضوان کا ساتھ دینے فخر زمان کریز پر آئے۔پانچواں اوور ہاردیک پانڈیا نے کروایا، محمد رضوان نے ان کی پہلی اور آخری گیند پر شاندار چوکے رسید کیے، فخر زمان نے بھی چوتھی گیند پر چوکا جڑا، اور 14 رنز بٹورے۔محمد رضوان نے چھٹا اوور کروانے والے ارشدیپ سنگھ کی تیسری گیند پر شاندار چھکا مارا، جن کے اوور میں 8 رنز بنے۔لیگ اسپنر یوزویندر چاہل نے ساتواں اوور کروایا جس میں محمد رضوان نے ایک چوکا رسید کیا اور 6 رنز حاصل کیے۔دوسرے لیگ اسپنر روی بشنوئی نے آٹھویں اوور میں نپی تلی گیند بازی کی اور لیگ بائے سمیت 6 رنز دیے۔چاہل نے نواں اوور جاری رکھا، فخر زمان نے کوور کے اوپر سے کھیل کر 4 رنز حاصل کے اس کے بعد اگلی ہی گیند پر وہ 15 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، ان کا کیچ ویرات کوہلی نے تھاما۔جس کے بعد محمد نواز کو ترقی دے کر چوتھے نمبر پر بیٹنگ کرنے کے لیے بھیجا گیا۔پاکستان نے 9ویں اوور کے اختتام پر بابر اور فخر کے نقصان پر 67 رنز بنائے۔ہاردک پانڈیا کے 10ویں اوور میں 9 رنز بنے۔محمد رضوان نے گیارہویں اوور کی پہلی گیند پر چاہل کو لیگ سائیڈ پر لمبا چھکا مارا، اور 10 رنز بٹورے۔محمد رضوان نے 2 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 38 گیندوں پر 50 رنز مکمل کیے۔پندرہویں اوور کی ابتدائی دو گیندوں پر محمد نواز نے مسلسل دو چوکے مارے اور سنگل رن کیا جس کے بعد چوتھی گیند پر محمد رضوان نے بھی کور پر شاندار چوکا رسید کیا، اور پانچویں گیند پر دو رنز لیے، آخری گیند پر ایک رن لیا، اور پاکستان نے اس اوور میں مجموعی طور پر 16 رنز بٹورے۔اس موقع پر پاکستان کو جیتنے کے لیے 5 اوورز میں 47 رنز کی ضرورت تھی۔محمد نواز نے 210 کے اسٹرائیک ریٹ سے جارحانہ بیٹنگ کی اور 20 گیندوں پر 42 رنز بنا کر پاکستان کے جیتنے کے امکانات روشن کردیے تھے۔پاکستان کو اس وقت بڑا نقصان برداشت کرنا پڑا جب 17 ویں اوور میں ہاردیک پانڈیا نے 71 رنز بنانے والے محمد رضوان کو یادیو کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروایا۔اٹھارہویں اوور میں باؤلنگ کرنے روی بشنوئی آئے، ان کی تیسری گیند پر محمد آصف کا ایک آسان کیچ ڈراپ ہوا۔اس موقع پر پاک۔بھارت میچ سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہو چکا تھا، پاکستان کو 2 اوورز میں 26 رنز کی ضرورت تھی۔انیسویں اوور کی دوسری گیند پر آصف علی نے شاندار چھکا مارا، دوسری جانب خوشدل شاہ نے چوتھی گیند پر چوکا رسید کیا اور آخری گیند پر آصف علی نے ایک اور چوکا جڑ کے میچ کو مزید دلچسپ بنا دیا، اور اس اوور میں 19 رنز حاصل کیے۔بیسویں اوور کی پہلی گیند پر خوشدل شاہ نے ایک رن حاصل کیا، دوسری گیند پر آصف علی نے چوکا مارا تاہم تیسری گیند پر کوئی رن نہیں حاصل کرسکے اور چوتھی گیند پر وہ ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے، اس موقع پر میچ مزید سنسنی خیز بن گیا، پاکستان کو جیتنے کے لیے 2 گیندوں پر 2 رنز کی ضرورت تھی۔پانچویں گیند پر افتخار احمد نے 2 رنز لیے اور پاکستان نے 19.5 اوورز میں 182 رنز بنا کر بھارت کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔قبل ازیں، ایشیا کپ 2022 کے سپر فور مرحلے میں بھارت نے پاکستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنائے اور پاکستان کو جیتنے کے لیے 182 رنز کا ہدف دیا تھا۔کے ایل راہول اور روہت شرما 28، 28 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، بھارت کو تیسرا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب سوریہ کمار یادیو 13 رنز بنا کر محمد نواز کی گیند پر آصف علی کو کیچ دے بیٹھے۔بھارت کی جانب سے روہت شرما اور کے ایل راہول نے اننگز کا آغاز کیا جبکہ پاکستان کی جانب سے باؤلنگ کا آغاز نسیم شاہ نے کیا۔نسیم شاہ کی چوتھی گیند پر روہت شرما نے چوکا مارا اور آخری گیند پر لیگ سائیڈ پر چھکا جڑ دیا، اس طرح پہلے اوور کے خاتمے پر بھارت نے بغیر کسی نقصان کے 11 رنز بنا لیے۔
پاکستان کی جانب سے دوسرا اوور شاہنواز دھانی کی جگہ ٹیم میں شامل محمد حسنین نے کروایا۔تیسرے اوور میں کے ایل راہول نے نسیم شاہ کو دو چھکے مارے، اس اوور میں بھارت نے 14 رنز بنائے۔محمد حسنین کی جگہ حارث رؤف کو بولنگ دی گئی، ان کے اوور روہت شرما نے ایک چوکے اور چھکے کی مدد سے 12 رنز بنائے۔
پانچواں اوور کروانے محمد نواز آئے، انہوں نے 8 رنز دیے۔چھٹے اوور میں خطرناک نظر آنے والے روہت شرما کو 28 کے انفرادی اسکور پر حارث رؤف نے آؤٹ کردیا، ان کا کیچ خوشدل شاہ نے پکڑا۔بعد ازاں، شاداب خان باؤلنگ کروانے آئے، انہوں نے جارحانہ بیٹنگ کرنے والے کے ایل راہول کو پہلی ہی گیند پر 28 رنز پر چلتا کر دیا، ان کا کیچ محمد نواز نے تھاما، ساتویں اوور کے اختتام پر بھارت نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 71 رنز بنالیے تھے۔
آٹھویں اوور نے محمد نواز نے 8 رنز دیے۔نواں اوور کرنے والے شاداب خان نے 9 رنز دیے، اس طرح 9 اوور کے اختتام پر بھارت نے 9.77 رنز ریٹ سے بیٹنگ کرتے ہوئے 2 وکٹیں کھو کر 88 رنز بنائے۔دسویں اوور میں محمد نواز نے سوریہ کمار یادیو کو 13 رنز کے انفرادی اسکور پر آصف علی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروایا۔کپتان بابر اعظم نے گیارہواں اوور کروانے کے لیے دوبارہ گیند محمد حسنین کو تھمائی، جنہوں نے 8 رنز دیے جبکہ بھارت نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 100 رنز مکمل کر لیے۔محمد نواز اپنے کوٹے کا چوتھا اور آخر اوور کروانے آئے، انہوں نے نپی تلی باؤلنگ کرتے ہوئے بھارتی بلے بازوں کو کھل کر نہیں کھیلنے دیا اور صرف 4 رنز دیے۔
بھارت کے خلاف گزشتہ میچ نے بہترین گیند بازی کرنے والے نسیم شاہ 13 واں اوور کروانے آئے، نسیم شاہ نے اپنے تیسرے اوور میں 13 رنز دیے، اس طرح بھارت نے 118 رنز بنا لیے جبکہ اس کے تین کھلاڑی آؤٹ ہیں۔اس موقع پر ویرات کوہلی 25 گیندوں پر 35 رنز اور رشبا پنٹ 10 گیندوں پر 10 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔چودہواں اوور کروانے کے لیے کپتان بابر اعظم نے گیند شاداب خان کو دی، انہوں نے کپتان کو مایوس نہیں کیا اور رشبا پنٹ کو10 رنزپر آؤٹ کر دیا، ان کا کیچ آصف علی نے لیا جبکہ اس اوور میں 8 رنز بنے۔محمد حسنین کے اپنے تیسرے اور ٹیم کے پندرہویں اوور میں نئے آنے والے بھارتی بلے باز ہاردک پانڈیا کو صفر پر چلتا کیا، ان کا کیچ محمد نواز نے تھاما، ان کی پانچویں گیند پر محمد رضوان کو چوٹ لگ گئی۔16ویں اوور میں شاداب خان نے اچھی باؤلنگ کرتے ہوئے صرف 5 رنز دیے، اس طرح انہوں نے 4 اوورز میں 31 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔16 اوورز میں بھارت نے مجموعی طور پر 140 رنز بنائے جبکہ ان کے پانچ کھلاڑی پولین لوٹ چکے، اس موقع پر ویرات کوہلی 44 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔حارث رؤف نے 17ویں اوور میں 8 رنز دیے۔محمد حسنین نے اٹھارہویں اور اپنے آخری اوور میں 16 رنز دیے، ویرات کوہلی نے شاندار چھکا مار کر اپنے 50 رنز مکمل کیے۔انیسواں اوور نسیم شاہ نے کروایا، انہوں نے دیپک ہودا کو چلتا کیا، جنہوں نے 14 گیندوں پر 16 رنز بنائے جبکہ وہ آج مہنگے باؤلر ثابت ہوئے اور اپنے 4 اوورز میں 45 رنز دیے اور صرف ایک وکٹ حاصل کرسکے۔بھارتی اننگز کے آخری اور بیسویں اوور میں حارث رؤف نے ابتدائی تین گیندوں پر صرف 1 رن دیا، اس طرح ویرات کوہلی پر دباؤ آیا اور وہ دو رنز لینے کی کوشش میں رن آؤٹ ہو گئے۔متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ 2022 کے سپر فور مرحلے میں پاکستان نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ٹاس جیتنے کے بعد پہلے باؤلنگ کا انتخاب کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ ‘پچ پہلے باؤلنگ کے لیے سازگار ہے جبکہ دوسرے ہاف میں ڈیو پڑنے کا امکان ہے۔’انہوں نے کہا کہ جیت کا تسلسل برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے جبکہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور شاہنواز دھانی کی جگہ محمد حسنین کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔بھارتی کپتان روہت شرما نے کہا کہ ‘ہم بھی اگر ٹاس جیتتے تو پہلے باؤلنگ کرنے کو ہی ترجیح دیتے۔’ان کا کہنا تھا کہ ‘اس طرح کے مقابلوں میں تسلسل بہت معنی رکھتا ہے جبکہ اپوزیشن کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیم میں کچھ تبدیلیاں کی گئی ہیں اور ہاردک پانڈیا کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے، دیپک ہودا اور روی بشنوئی کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے’۔










