pakistan team

پاکستان نے جنوبی افریقہ کو دوسرے ون ڈے میں شکست دے کر سیریز جیت لی

پاکستان نے جنوبی افریقا کو دوسرے ون ڈے میں شکست دے کر 3 ون ڈے میچز کی سیریز میں 2 صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔
جنوبی افریقہ کے دارالحکومت کیپ ٹاؤن میں کھیلے جانے والے دوسرے ایک روزہ میچ میں پروٹیز کپتان ٹیمبا باووما نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا، پہلے میچ میں آرام کرنے والے باووما کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔
پاکستانی ٹیم 49.5 اوورز میں 329 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوئی، پاکستان کی جانب سے کپتان محمد رضوان 80 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔
گرین شرٹس کی جانب سے اوپننگ بیٹر عبداللہ شفیق اور صائم ایوب نے اننگز کا آغاز کیا۔
تاہم عبداللہ شفیق مسلسل دوسرے میچ میں ناکام رہے اور بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، اس کے بعد صائم ایوب اور بابر اعظم نے دوسری وکٹ پر 48 رنز کی شراکت داری قائم کی، گزشتہ میچ میں سینچری اسکور کرنے والے صائم ایوب 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
53رنز پر 2 کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد محمد رضوان اور بابر اعظم نے ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا، دونوں کھلاڑیوں نے پر اعتماد بیٹنگ کی اور نصف سینچریاں اسکور کی، بابر اعظم نے کریئر کی 33 ویں اور محمد رضوان نے 14ویں ففٹی اسکور کی۔ بابر اعظم 73 رنز اور محمد رضوان 80 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، دونوں نے ملکر ٹیم کے اسکور کو 200 رنز کے قریب پہنچایا، اس کے بعد آغا سلمان اور کامران غلام نے بھی جارحانہ بلے بازی کی، آغا سلمان 30 اور کامران غلام 32 گیندوں پر 63 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 5 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔
پروٹیز کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے فاسٹ باؤلر کیوین مافاکا نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ مارکو جانسن 3 وکٹیں لے کر نمایاں باؤلر رہے۔