محکمہ جل شکتی کیخلاف لوگوں میں غم و غصہ کی لہر
گرمیوں میں اضافہ کے ساتھ ہی جنوبی کشمیر کے درجنوں علاقوں میںپینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی کی شدید قلت کے باعث مقامی لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور انہوں نے حکام سے مطالبہ کیا کہ علاقے میںپینے کا صاف پانی مکینوں کو فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائیں جائے ۔ جنوبی کشمیر کے بیشتر علاقوں میں گرمی میں اضافہ ہونے کے ساتھ ہی پینے کے صاف پانی کی قلت محسوس ہو رہی ہے ۔پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی کے باعث مقامی لوگوں کو شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے اورمقامی لوگ پانی کی ایک ایک بوند کو ترس رہے ہیں ۔ نمائندے نے مقامی لوگوں کا حوالہ دیتے ہوئے بتایاکہ علاقہ کافی عرصہ سے پینے کے صاف پانی سے محروم ہے اور اس علاقے میں پانی کی سپلائی بحال کرنے کیلئے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ بیشتر علاقوں میں خواتین کو دور دور جاکر پانی پینے کیلئے لانا پڑتا ہے ، جنوبی ضلع کولگام کے کچھ علاقوں میں لوگوں کا کہنا تھا کہ علاقے میں اگرچہ پانی کی سپلائی فراہم کرنے کیلئے ایک اسکیم رائج کر دی گئی ہے تاہم اس میں مشینری کمزور ہونے کے باعث وہ بیکار پڑی ہوئی ہے ۔ کولگام کے ایک مقامی رہائشی ارشد احمد نے کہا کہ اسکیم میں مشینری کو اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ علاقے کو روزانہ کی بنیاد پر پینے کے پانی کی قلت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ سسٹم کو اپ گریڈ کیا جائے گا لیکن زمین پر کچھ نہیں کیا جا رہا ہے۔ایک اور مقامی سمیر احمد نے بتایا کہ وہ متعدد بار متعلقہ حکام کے نوٹس میں یہ مسئلہ لاچکے ہیں لیکن زمینی طور پر کچھ نہیں کیا گیا۔انہوں نے حکام سے مداخلت کی درخواست کی ہے۔










