parimpora_srinagar_fire_dooran_

پارمپورہ میں17غریب کنبوں کے کم ازکم 9رہائشی ٹین شیڈ آگ سے خاکستر

سری نگر//شہر سری نگر کے مضافات میں واقع پارمپورہ بائی پاس علاقے کے ساتھ ہفتہ کو آگ کی ایک بھیانک واردات میں17غریب کنبوں کے کم ازکم 9ٹین شیڈ جل کر خاکستر ہوگئے۔جے کے این ایس کے مطابق عینی شاہدین نے بتایاکہ سنیچر کودوپہرکے وقت مختار احمدنامی ایک شخص کے ٹین شیڈ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جو تیزی سے قریبی شیڈوںمیں پھیل گئی۔مقامی لوگوںنے بتایا کہ پارمپورہگھاٹ کے قریب آگ لگنے کے فوراً بعد لوگ حرکت میں آگئے اور آگ پر قابو پانے کی کوشش شروع کی گئی تاہم آگ بہت زیادہ تھی اور لوگ اس پر قابو پانے میں ناکام رہے۔آگ کی شدت اتنی تھی کہ ٹین کے شیڈوںمیں رہائش پذیر غریب کنبوں کا سب کچھ جل گیا۔لوگوںنے بتایاکہ فائراینڈ ایمرجنسی سروسزکے اہلکار آگ بجھانے والی گاڑیاں لیکر یہاں پہنچے تاہم اُنکی کارروائی سے پہلے ہی لگ بھگ ڈیڑھ درجن ٹین کے رہائشی شیڈ شعلوں کی لپیٹ میں آچکے تھے ۔انہوںنے مزیدبتایاکہ آتشزدگی کے واقعہ میں 17غریب کنبوں کے کم ازکم 9ٹین شیڈ جل کر خاکستر ہوگئے۔لوگوںنے یہ بھی بتایاکہ آگ کی اس ہولناک واردات میں مرحوم محمد جمال کی بیاہی جانے والی بیٹی مسکان کا سامان بھی جل کر خاکستر ہو گیا۔انہوںنے بتایاکہ ہولناک آگ نے 17کنبوں سے وابستہ درجنوں افرادکوبے گھر وبارکردیاہے اوراب یہ سبھی کنبے کھلے آسمان تلے آگئے ہیں۔آگ لگنے سے لاکھوں مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجہ کا پتہ لگایا جا رہا ہے۔ اس دوران ضلعی انتظامیہ کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔ریونیو کے ایک اہلکار نے بتایا کہ نقصان کا اندازہ لگایا جا رہا ہے تب تک متاثرین کیلئے عارضی قیام وطعام کے انتظامات کئے جائیں گے۔