ٹی20ورلڈ کپ:پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 33رنز سے شکست دے دی

ٹی20ورلڈ کپ کے اہم میچ میں پاکستان نے ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت جنوبی افریقہ کو 33 رنز سے شکست دے دی۔ٹی 20ورلڈ کپ کے اہم میچ میں پاکستان کی جانب سے دیے گئے 186رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم مقررہ 14 اوورز میں 108 رنز ہی بناسکی۔سڈنی میں کھیلے جا رہے میچ میں جنوبی افریقہ نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اوپنر کوئنٹن ڈی کوک پہلے ہی اوور میں پویلین لوٹ گئے۔ابھی اسکور 16 تک ہی پہنچا تھا کہ شاہین نے اپنے اگلے اوور میں رائلی روسو کی اہم وکٹ بھی حاصل کر لی۔جنوبی افریقی کپتان باووما آج اچھی فارم میں نظر آئے اور ایڈن مرکرم کے ہمراہ 50 رنز جوڑے تاہم شاداب خان نے باؤلنگ پر آتے ہی باووما کی 36 رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔جنوبی افریقی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ ایک گیند پر شاداب نے 20 رنز بنانے والے مرکرم کا کام بھی تمام کردیا۔جنوبی افریقہ نے اب تک 9 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 69 رنز بنائے ہیں اور میچ کو بارش کے باعث روک دیا گیا تھا۔بارش رکنے کے بعد میچ دوبارہ شروع ہوا جنوبی افریقہ کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 5 اوورز میں 73 رنز کا ہدف دیا گیا جس کے تعاقب میں کوئی بھی بلے باز پاکستانی باؤلرز کا جم کر سامنا نہیں کرسکا اور یکے بعد دیگرے وکٹیں گرتی رہیں۔اس سے قبل پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو قومی ٹیم نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنائے۔پاکستان نے اننگز کا آغاز کیا تو وین پارنیل کو پہلے ہی اوور میں چوکا مارنے کے بعد محمد رضوان پویلین لوٹ گئے۔نئے بلے باز محمد حارث نے کریز پر آتے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور کگیسو ربادا کو ایک ہی اوور میں لگاتار دو چھکے رسید کرتے ہوئے 17 رنز بٹورے۔حارث نے 11 گیندوں پر تین چھکوں کی مدد سے 28 رنز بنائے لیکن نوکیا کی گیند پر ایک اور بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں ایل ڈبلیو ہو گئے۔ابھی قومی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ مستقل جدوجہد کرنے والے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم بھی نگیدی کو وکٹ دے کر لوٹ گئے۔شان مسعود کا قیام بھی وکٹ پر چھ بالوں تک محدود رہا اور وہ بھی نوکیا کی گیند پر آسان کیچ دے کر چلتے بنے۔43 رنز پر چار وکٹیں گرنے کے بعد افتخار احمد کا ساتھ دینے محمد نواز آئے اور دونوں نے ابتدائی طور پر محتاط انداز اپناتے ہوئے اسکور بتدریج بڑھانا شروع کیا۔دونوں کھلاڑیوں نے پانچویں وکٹ کے لیے 52 رنز کی شراکت قائم کی لیکن اس موقع نواز 28 رنز بنانے کے بعد وکٹ دے بیٹھے۔اس کے بعد افتخار کا ساتھ دینے شاداب خان آئے اور دونوں نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے 82 رنز کی ساجھے داری قائم کی جس میں شاداب کی 20 گیندوں پر بنائی گئی نصف سنچری بھی شامل ہے۔افتخار نے بھی بہترین کھیل پیش کیا اور 35 گیندوں پر 51 رنز بنائے جس میں دو چھکے اور تین چوکے شامل تھے۔پاکستان نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنائے۔اس سے قبل بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ہم اس استعمال شدہ وکٹ پر بعد میں اسپنرز سے وکٹ کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔ان کا کہناتھا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور فخر زمان کی جگہ حارث کو فائنل الیون میں شامل کیا گیا ہے۔دوسری جانب جنوبی افریقہ نے بھی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں اور ڈیوڈ ملر کے ساتھ ساتھ کیشپ مہاراج بھی ٹیم میں شامل نہیں ہیں۔ان کاکہنا تھا کہ انجری کی وجہ سے ڈیوڈ ملر نہیں کھیل رہے اور ان کی جگہ ہنری کلااس لیں گے جبکہ مہاراج کی جگہ تبریز شمسی لیں گے۔میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔پاکستان: بابر اعظم(کپتان)، محمد رضوان، محمد حارث، افتخار احمد، شاداب خان، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور نسیم شاہ۔جنوبی افریقہ: ٹیمبا باووما(کپتان)، کوئنٹن ڈی کوک، رائلی روسو، ایڈن مرکرم، ہنری کلاسن، ٹرسٹن اسٹبس، وین پارنیل، کگیسو ربادا، اینرچ نوکیا، لنگی نگیدی اور تبریز شمسی۔