ٹی20ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل میں متعدد ریکارڈز قائم

ٹاروبا کے برائن لارا اسٹیدیم میں کھیلے گئے ٹی20 ورلڈکپ 2024 کے پہلے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ نے یکطرفہ مقابلے میں افغانستان کو شکست دے کر پہلی بار ورلڈکپ کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔ کھیلوں کی ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کی پوری ٹیم 11.5 اوور میں 56 رنز پر ڈھیر ہوگئی، جنوبی افریقہ نے مطلوبہ ہدف بآسانی 8.5 اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔
بڑے ایونٹس میں ’چوکرز‘کے نام سے مشہور جنوبی افریقہ نے پہلی بار آئی سی سی ورلڈکپ (ون ڈے، ٹی20) کے فائنل میں رسائی حاصل کی، مجموعی طور پر جنوبی افریقہ نے ٹی20 اور ون ڈے ورلڈکپ کے 8 سیمی فائنل کھیلے اور پہلی بار فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوئی۔
اس سے قبل 2009کے ٹی20 ورلڈکپ میں جنوبی افریقہ کو پاکستان کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی، دوسری بار پروٹیز نے 2014 کے ٹی20 ورلڈکپ سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی تھی، جس میں بھارت نے جنوبی افریقہ کو ایونٹ سے باہر کردیا تھا۔ ون ڈے ورلڈکپ کے سیمی فائنلز کی بات کریں تو جنوبی افریقہ کو 1992میں انگلینڈ کے ہاتھوں شکست ہوئی، آسٹریلیا سے ہونے والا 1999 ورلڈکپ کا سیمی فائنل برابری پر ختم ہوا، 2007 کے ورلڈکپ سیمی فائنل میں ایک بار پھر آسٹریلیا سے شکست ہوئی، 2015 کے ون ڈے ورلڈکپ میں نیوزی لینڈ نے پروٹیز کو شکست دی اور 2023 کے ون ڈے ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پروٹیز کو کینگروز کے ہاتھوں رسوائی کا سامنا کرنا پڑا۔ جنوبی افریقہ کی رواں ٹی 20ورلڈکپ میں کارکردگی ناقابل یقین رہی ہے اور وہ اب تک ایونٹ میں مسلسل 8 میچز جیت کر ناقابل شکست رہی ہے، آسٹریلیا بھی 2022 کے ٹی20 ورلڈکپ میں مسلسل 8 میچز جیتنے میں کامیاب رہی تھی۔