ٹی 20ورلڈکپ میں جنوبی افریقہ نیپال کے خلاف اپ سیٹ شکست سے بچ گیا، پروٹیز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رن سے کامیابی حاصل کی۔
جنوبی افریقہ نے مقررہ 20اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 115رنز بنائے، جواب میں نیپال کی ٹیم 7 وکٹیں کھو کر 114 رنز بنا سکی۔ کنگسٹن میں کھیلے گئے گروپ ڈی کے میچ میں نیپال نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔ پروٹیز کی پہلی وکٹ 22رنز پر گرنے کے بعد مارکرم اور ہینڈرکس نے 46رنز کی ساجھے داری قائم کی اور اسکور کو 68رنز تک پہنچایا، تاہم اس موقع پر کپتان ہمت ہار بیٹھے اور 15 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد وقفے وقفے سے جنوبی افریقہ کی وکٹیں گرتی رہیں اور ٹیم 7 وکٹوں کے نقصان پر مقررہ 20 اوورز میں 115رنز بنا سکی۔ نیپال کی جانب سے کوشل بھرٹل نے 4 اور دیپندرا سنگھ نے 3کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں نیپال نے ابتدا محتاط اور اچھی بیٹنگ کرتے ہوئے تین وکٹوں پر 99رنز بنالیے اور اسے 15 گیندوں پر 16رنز کی ضرورت تھی، مگر پھر وکٹوں کی لائن لگ گئی، پروٹیز نے بہترین کم بیک کرتے ہوئے اچھی باؤلنگ کی۔ آخری اوور میں نیپال کو 8 اور آخری گیند پر 2 رنز کی ضرورت تھی مگر آخری لمحات میں نیپال کی ٹیم نے جیتا ہوا میچ گنوادیا۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے تبریز شمسی نے بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے 19رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور مین آف دی میچ کے حق دار ٹھہرے، جبکہ اینریچ نوکیا اور ایڈن مارکرم نے ایک، ایک وکٹ لی۔










