ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ:فخر زمان کی 15رکنی اسکواڈ میں واپسی،عثمان قادر آؤٹ

پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے آغاز سے ایک روز قبل ہی اپنے 15 رکنی اسکواڈ میں تبدیلی کرلی ہے۔ جارح مزاج بیٹر فخر زمان کو حتمی اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔فخر زمان گزشتہ ماہ ایشیا کپ فائنل میں فیلڈنگ کے دوران گھٹنے کی انجری کا شکار ہوگئے تھے جس کے بعد انہیں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ٹریول ریزرو کے طور پر اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا آغاز 16اکتوبر سے آسٹریلیا میں ہو رہا ہے۔ تاہم ایونٹ کے اہم مرحلے یعنی سپر 12کے میچز 22اکتوبر سے شروع ہوں گے۔ پاکستان ٹیم اپنا پہلا میچ روایتی حریف بھارت کے خلاف 23اکتوبر کو میلبرن میں کھیلے گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جمعہ کو جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق لیگ اسپنر عثمان قادر کی جگہ فخر زمان کو 15 رکنی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ تاہم عثمان قادر بطور ٹریولنگ ریزرو اسکواڈ کے ہمراہ رہیں گے۔
واضح رہے کہ عثمان قادر 25ستمبر کو کراچی میں انگلینڈ کے خلاف کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی میچ میں انجری کا شکار ہوگئے تھے۔ پی سی بی کے مطابق وہ 22 اکتوبر تک سلیکشن کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔دوسری جانب پاکستانی فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی بھی مکمل طور پر فٹ ہوگئے ہیں اور وہ ہفتے سے پاکستان ٹیم کو جوائن کرلیں گے۔ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کی قیادت بابر اعظم کریں گے جب کہ نائب کپتان کے فرائض شاداب خان نبھائیں گے۔ ان کے علاوہ محمد رضوان، فخر زمان، آصف علی، شان مسعود، حیدر علی، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد نواز، محمد حسنین، حارث رؤف، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی 15 رکنی اسکواڈ کا حصہ ہوں گے۔ان کے علاوہ محمد حارث، شاہ نواز دھانی اور عثمان قادر ٹیم کے ساتھ بطور ٹریول ریزرو ہوں گے۔