سرینگر//ٹرائیبل کواپریٹو مارکیٹنگ ڈیولپمنٹ فیڈریشن آف انڈیا ( ٹی آر آئی ایف ای ڈی ) قبائلی امور کی وزارت حکومت ہند نے مختلف سکیموں کو جموں و کشمیر تک بڑھانے کیلئے کوششیں شروع کی ہیں تا کہ قبائلی کاریگروں ، کسانوں ، فنکاروں اور دیگر ہنر مند کارکنوں کو روزی روٹی کی سہولت فراہم کرنے پر توجہ دی جائے ۔ یہ تجاویز جے اینڈ کے قبائلی امور کے محکمہ نے مختلف معاش کے منصوبوں کیلئے پیش کی تھیں ۔ جموں و کشمیر میں مختلف قبائلی فلاح و بہبود کی اسکیموں کو توسیع دینے کا کام حال ہی میں لفٹینٹ گورنر جے اینڈ کے منوج سنہا نے حکومت ہند کے ساتھ کیا تھا ۔ قبائلی امور کے محکمے نے اس کے مطابق مرکزی حکومت میں وزارتوں کو مختلف اسکیموں کیلئے تجاویز پیش کی ہیں ۔ ٹی آر آئی ایف ای ڈی اور جے اینڈ کے قبائلی امور کے محکمے کے درمیان ایک میٹنگ میں متعدد اسکیموں پر اتفاق کیا گیا اور روڈ میپ کو حتمی شکل دی گئی ۔ منیجنگ ڈائریکٹر ٹرائیبل کواپریٹو مارکیٹنگ ڈیولپمنٹ فیڈریشن آف انڈیا پرویر کرشنا ( سیکرٹری حکومت ہند ) نے ٹی آر آئی ایف ای ڈی ہیڈ کوارٹرز نئی دہلی میں منعقدہ اجلاس میں انفراسٹرکچر کے قیام کیلئے کئی منصوبوں اور روڈ میپ کی منظوری دی ۔ سیکرٹری محکمہ قبائلی امور جے اینڈ کے ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے میٹنگ میں مختلف تجاویز پیش کیں ۔ جس میں جی ایم ٹریفڈ امیت بھٹناگر اور سندیپ پہلوان ڈی جی ایم ٹریفڈ نے بھی شرکت کی ۔ ایم ڈی ٹریفڈ نے جموں و کشمیر کیلئے 50 کروڑ روپے کے مختلف منصوبوں کیلئے اتفاق کیا ۔ سیکرٹری قبائلی امور ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے جموں اور سرینگر میں دو ٹریفائیڈ پارکس کے قیام کی تجویز پیش کی ۔ منیجنگ ڈائریکٹر ٹریفڈ نے اس تجویز سے اتفاق کیا اور قبائلی امور کے محکمے میں پروجیکٹ منیجمنٹ یونٹ کیلئے تکنیکی عملہ تعینات کیا تا کہ حکومت ہند کی منظوری کیلئے ڈی پی آر تیار کئے جا سکیں ۔










