سرینگر / /سرحدی علاقہ ٹنگڈار کی بیشتر سڑکوں کی حالت انتہائی خستہ ہے جس کے نتیجے میں لوگوں کو شدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑرہا ہے ۔اس سلسلے میں مقامی لوگوں نے کشمیر پریس سروس کو بتایا کہ نیچان سے ٹنگڈارتک سڑک جودرجنوں دیہات بشمول حاجی ناڑ اور باغ بیلا کے بیچوں بیچ گذرتی ہے کی حالت ناگفتہ بہہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ سڑک میں ایسے کھڈ اور خندق ہیں کہ لوگوں کا عبور ومرور مشکل بن گیا ہے ۔جبکہ گاڑیوں کی آمد ورفت کے دوران ڈرائیوروں کو کافی دشواری سے دوچار ہونا پڑرہا ہے۔انہوں نے کہا کہ علاقہ ہذا کے تعلیم یافتہ نوجوانوں نے خود روز گار کی تلاش میں بنکوں سے قرضہ لیکر گاڑیاں نکالیں۔لیکن سڑک کی خستہ حالی کے باعث ان کی گاڑیوں کے پُرزے آئے روز خراب ہوتے جاتے ہیں جس سے ان پر خرچہ آجاتا ہے اور وہ کمانے کے بجائے خسارہ کے شکار ہوجاتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف وہ قرضہ کی ادائیگی کی کوشش کررہے ہیں لیکن سرک کی خستہ حالی سے ان کی تمام کوششیں ناکام ہوجاتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ سڑک کی ناگفتہ بہہ حالت کے باعث ہر وقت چھوٹی بڑی گاڑیاں ہچکولے کھاتی رہتی ہیں جس سے حادثات پیش آنے کے خطرات رہتے ہیں اور اب تک کئی حادثات پیش آئے بھی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ تین چار سال قبل نالہ بتہ موجی میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے سے سڑک کے دونوںسمت کے کنارے ڈھ گئے تھے اور کئی جگہوں پر بنڈ تعمیر کئے گئے جبکہ متعدد جگہوں پر تعمیر نہیں کئے گئے ہیں ۔جو اس سڑک کی تباہی کا موجب ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ سڑک کے ساتھ منسلک درجنوں دیہات کے عوام کی کاروباری سرگرمیاں بھی اس کی خستہ حالی وجہ متاثر ہیں۔انہوں نے کہا کہ پسماندہ علاقہ کے لوگ تحصیل ہیڈ کواٹر تک پہنچ کرہی خریدوفروخت کرتے ہیں اور اسی سڑک سے نکل کرمحنت ومزدوری کے ٹھکانوں پر بھی پہنچ سکتے ہیں لیکن سڑک کی حالت خراب ہونے کی وجہ سے ان کو متعین جگہوں پر مقررہ وقت پر پہنچنے میں کافی دقعتوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔اس سلسلے میں انہوںنے متعلقہ حکام او ر گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ سڑک کی تجدید ومرمت کیلئے فوری طور ٹھوس اور موثر اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ لوگوں کے مشکلات کاازالہ ہوسکے ۔










