ٹنگڈار میں المناک آتشزدگی، دو رہائشی مکانات خاکستر، سات خاندان بے گھر

سرینگر / /ٹنگڈار //ٹنگڈار بکھائیاں میں جمعرات کی شام پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں دو رہائشی مکانات خوفناک آگ کی لپیٹ میں آ کر مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئے، جس کے نتیجے میں سات سے زائد خاندان بے گھر ہو گئے۔ آگ کس طرح لگی، اس کی وجہ فوری طور پر معلوم نہ ہو سکی۔کشمیر پریس سروس نمائندہ کے اطلاعات کے مطابق ایک گھر خْرشید شیخ ولد مرحوم مہتہ شیخ کا تھا جس میں پانچ خاندان رہائش پذیر تھے، جبکہ ساتھ ہی موجود یاسین کڈلال کے مکان میں دو خاندان مقیم تھے۔ دونوں مکانات اور ان میں موجود سامان آگ کی شدت کے سامنے نہ ٹھہر سکے اور لمحوں میں راکھ کا ڈھیر بن گئے۔ خوش قسمتی سے جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں، تاہم متاثرہ خاندانوں کا تمام گھریلو سازوسامان اور قیمتی اشیاء￿ جل کر خاک ہو گئیں۔عینی شاہدین نے بتایا کہ آگ اتنی تیزی سے بھڑکی کہ لوگوں کو اپنے سامان نکالنے کا بھی موقع نہ ملا۔ علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ پر قابو پانے کی کوشش کی، تاہم فوراً بعد فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز، بھارتی فوج اور سول انتظامیہ موقع پر پہنچ گئی اور مشترکہ کارروائی کے نتیجے میں آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا گیا۔انتظامیہ نے متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد اور ضروری اشیاء￿ فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ادھر مقامی سماجی تنظیموں اور پڑوسیوں نے بھی امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینا شروع کر دیا ہے۔اس افسوسناک واقعے نے پورے علاقے کو سوگوار کر دیا ہے، جبکہ لوگوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے آگ سے متعلق حفاظتی اقدامات اور آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے۔