قومی تحقیقاتی ایجنسی کی چھاپے مار کارروائیاں جاری

ٹنل کے آرپار6اضلاع میں کئی مقامات پر NIAکی چھاپے ماری

سری نگر//جنگجوئیانہ سرگرمیوں اورحوالہ فنڈنگ کے سلسلے میںقومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے منگل کو علی الصبح وادی کشمیرمیں سری نگر سمیت4 اضلاع اورجموں صوبہ کے ڈوڈہ ا ورکشتواڑاضلاع میں کئی مقامات پر چھاپے مارے۔جس دوران لسجن سری نگرمیں باپ بیٹے کوپوچھ تاچھ کیلئے حراست میں لیاگیا جبکہ ان چھاپوں کے دوران کئی موبائل فون اوردیگر چیزوں کوبھی ضبط کیاگیا۔جے کے این ایس کے مطابق سرکاری ذرائع نے بتایا کہ این آئی اے کی ایک ٹیم نے سیکورٹی فورسز کے ہمراہ سری نگر کے مضافاتی علاقہ لسجن میں محمد شفیع وانی اور اس کے بیٹے رئیس احمد کی رہائش گاہوں پر منگل کی صبح چھاپے مارے۔ذرائع کے مطابق دونوں باپ بیٹے کے موبائل فونز کو ضبط کیا گیا اور بعد میں دونوں کو پوچھ تاچھ کے لئے پولیس اسٹیشن پانتھ چوک منتقل کیاگیا،جہاں اُنھیںحراست میں رکھا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کی ایک اورٹیم نے سیکورٹی فورسز کے ہمراہ جنوبی ضلع کولگام میں وسیم احمد ڈار ولد نذیر احمد ڈار ساکن لارم گنج پورہ کی رہائشی مکان پر چھاپہ مارا گیا جبکہ این آئی اے کی ٹیموں نے ضلع اننت ناگ میں ایک منتخب پچ بشیر احمد پڈر ولد غلام محمد پڈر ساکن بامو سدی وار اور شاکر احمد بٹ ولد غلام رسول بٹ ساکن ناؤ پورہ ڈورو کی گھروں پر چھاپے مارے ۔ذرائع کا کہنا تھا کہ این آئی اے کی ایک ٹیم نے ضلع بارہمولہ کے زنڈفرن شیری علاقے میں بھی منگل کی صبح غلام محی الدین وانی ولد مرحوم غلام محمد وانی، جس کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ محکمہ سری کلچر میں بحیثیت ملازم ہے،کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا گیا۔ذرائع کے مطابق صوبہ جموں میں ڈوڈہ اور کشتواڑ اضلاع میں این آئی اے نے منگل کی صبح چھاپے ڈالے۔ڈوڈہ میں بھی این آئی اے نے غلام محمد ڈار کی رہائش گاہ پر چھاپہ ماری کی جہاں سے اہم دستاویزات کی جانچ کی گئی ہے جبکہ ضلع کشتواڑمیں بھی ایک جگہ این آئی اے کی جانب سے چھاپہ ڈالنے کی اطلاع ہے۔واضح رہے کہ2017 سے قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے کشمیر میں متعدد افراد کو ملی ٹنسی اور حوالہ فنڈنگ کے الزام میں گرفتار کرکے ان پر مقدمہ درج کیا ہے۔ ان گرفتارافراد میں بیشتر حریت لیڈر قید کئے گئے ہیں۔